Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ کپ کیلئے کھلاڑیوں کی فٹنس اولین ترجیح ہے، انضمام الحق

 
دبئی:پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق آسٹریلیا کے خلاف سیریز کیلئے اسکواڈ کی تشکیل کے بارے میں کوچ اور کپتان سے مشاورت مکمل کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فی الوقت کھلاڑیوں کی فٹنس ہمارے لئے سب سے اہم معاملہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ اسکواڈ کے حوالے سے ذہن بنا لیا ہے اور اس وقت ہماری کوشش ہے کہ میگا ایونٹ کیلئے تمام کھلاڑیوں کو فٹ رکھا جائے ۔ اب بات کا واضح خطرہ ہے کہ بہت زیادہ کرکٹ کھیلنے کی وجہ سے کھلاڑی فٹنس مسائل سے دوچار ہو سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ سے قبل آسٹریلیا اور انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلنی ہے ۔ انضمام الحق نے کہا کہ ورلڈ کپ میں کون کون سے کھلاڑی کھیلیں گے ، اس بارے میں کافی عرصے سے ذہن بنا رکھا ہے، تمام کھلاڑیوں کو کافی عرصے سے کھیلتادیکھ رہے ہیں اور مسلسل مواقع بھی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ ورلڈ کپ کیلئے کھلاڑیوں کا پول بنا ہوا ہے جس میں صورتحال کے مطابق کچھ تبدیلی بھی ممکن ہے ۔ ایک سوال پر چیف سلیکٹر نے کہا کہ فی الوقت پاکستانی کرکٹرز اتنی زیادہ کرکٹ کھیل رہے ہیں کہ ہمیں ان کے عین موقع پر ان فٹ ہو نے کی فکر ہے ، چاہتے ہیں کہ پاکستانی کرکٹرز جسمانی اور ذہنی طور پر تازہ دم رہتے ہوئے میگا ایونٹ میں شرکت کریں۔محمد حفیظ کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں کو فٹنس کے کسی بڑے مسئلے کا سامنا نہیں۔ اسی طرح اگر کسی کھلاڑی کی فارم اچھی نہیں تو اس کی وجہ مسلسل کرکٹ کھیلنا ہے ۔ انضمام الحق کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں روٹیشن کی پالیسی کے تحت کچھ کھلاڑیوں کو آرام دیا جائے گا جبکہ جنوبی افریقہ میں کھیلی گئی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں روٹیشن کی پالیسی نہ اپنانے کی وجہ یہ تھی کہ ہم نوجوان کھلاڑیوں کو وہاں کی سخت کنڈیشنز میں سخت ٹیم کےساتھ مقابلے کا تجربہ فراہم کرنا چاہتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے دورے میں پاکستانی ٹیم سیریز نہیں جیت سکی تاہم ٹیم کو جیتنے کے مواقع ملے لیکن ان سے فائدہ نہیں اٹھایا جاسکا، اس دورے میں کچھ پہلو مثبت بھی رہے اور نئے کھلاڑیوں کو کافی تجربہ ملا ۔ تاہم آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان 9مارچ کو متوقع ہے جبکہ کپتان سرفراز آرام کے موڈ میں نہیں ۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق اورہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ سرفراز کو آرام کا مشورہ دیتے ہوئے شعیب ملک کی کپتانی پر راضی کرنے کی کوشش کریں گے ۔ 3 اپریل سے پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ بھی شروع ہورہا ہے اور سینٹرل کنٹریکٹ کے حامل کھلاڑیوں کو اس ٹورنامنٹ کی ٹیموں میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ بنیادی مقصد کھلاڑیوں کو انجریز سے بچانا ہے۔
کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ  " اردو  نیوز اسپورٹس" جوائن کریں
    

شیئر: