Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانیوں سے متعلق ہندوستانیوں کی سوچ دقیانوسی ہے،جان ابراہم

نامور بالی وڈ اداکار جان ابراہم نے پاک ، ہند کشیدگی پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانیوں سے متعلق ہندوستانیوں کی سوچ دقیانوسی ہے جو بہت خطرناک بات ہے اور ایسا نہیں ہونا چاہئے۔حال ہی میں فلم” رومیو ،اکبر ،والٹر“ کی ٹریلر لانچنگ تقریب کے دوران جان ابراہم نے ہندوستانی میڈیا کی جانب سے پاک، ہند کشیدگی کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں پہلے تو جنگ کی حمایت کرنے اور پاکستان مخالف بیانات دینے والے بالی وڈ اداکاروں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اداکاروں کو جب تک مکمل معلومات نہ ہوں، انہیں سیاسی صورتحال پر بات نہیں کرنی چاہئے۔بعد ازاں جان ابراہم نے پاک ،ہند کشیدگی پر اپنا موقف دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی ،پاکستانیوں سے متعلق دقیانوسی سوچ رکھتے ہیں، وہ پاکستانیوں کو ایک ہی نظر سے دیکھتے ہیں۔یہ بات بہت خطرناک ہے۔ ایسا بالکل بھی نہیں ہونا چاہئے۔ جنگ دہشتگردی کے خلاف ہونی چاہئے کسی ملک، مذہب یا دو مذاہب کے درمیان نہیں لیکن آج دنیا کا دستور اسی طرح چل رہا ہے۔جان ابراہم نے کہا میں ان اداکاروں میں سے نہیں ہوں جو یہ سوچ کر بات کرتے ہیں کہ نہیں یار یہ لوگوں کو اچھا لگے گا یا برا لگے گا۔ میرا نقطہ نظر بہت واضح ہے۔
 

شیئر: