Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویسٹ انڈیز دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں45 رنزپر ڈھیر

سینٹ کٹس:انگلینڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ چیمپیئن اور میزبان ویسٹ انڈیز کو سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں45رنز پر ڈھیر کرکے 137رنز سے فتح سمیٹتے ہوئے 3میچوں کی سیریز ناقابل شکست برتری کے ساتھ اپنے نام کرلی ۔ویسٹ انڈیز کے 9بیٹسمین دہرے ہندسے میں نہیں پہنچ سکے ۔ سیم بلنگ کی بیٹنگ اور کرس جورڈن کی بولنگ نے انگلینڈ کی بڑی فتح میں بنیادی کردار ادا کیا اور ویسٹ انڈین ٹیم اس فارمیٹ کی تاریخ کے دوسرے بدترین اسکور کے نتیجے میں سیریز سے بھی ہاتھ دھو بیٹھی ۔ سیم بلنگ اور ان کے 47گیندوں پر87رنز نے مین آف دی میچ بھی بنوا دیا۔سینٹ کٹس میں کھیلے گئے میچ کا ٹاس ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر نے جیت کر پہلے انگلینڈ کو بیٹنگ کا موقع دیا جس نے 6وکٹوں کے نقصان پر186رنز بنائے ۔جوئے روٹ اور سیم بلنگ کی عمدہ بیٹنگ نے ٹیم کو بڑا ہدف بنانے میں مدد دی ۔ روٹ نے 40گیندوں پر7چوکوں کی مدد سے 55رنز بنائے تاہم چھٹے نمبر پر کھیلنے کے لئے آنے والے سیم بلنگ کی بیٹنگ قابل دید تھی جنہوں نے 3چھکوں اور 10چوکوں کی مدد سے 87رنز اسکور کئے۔دیگر انگلش بیٹسمین اچھے کھیل کا مظاہرہ نہ کرسکے۔ ویسٹ انڈیز کو 183رنز کا ہدف ملا ۔فیبیان ایلن نے2وکٹیں لیں۔ سیریز کے دوران ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ دیکھتے ہوئے یہ ہدف زیادہ مشکل نہیں تھا لیکن پہلے ڈیوڈ ولی اور کرس جورڈن ویسٹ انڈین بیٹسمینوں کی راہ میں رکاوٹ بن گئے ۔12رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد مزید8رنز کے اضافے پر آدھی میزبان ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی جن میں سے صرف شیمرون ہیٹمائر نے 10رنز بنائے ۔اس کے بعد عادل راشد اور لیام پلنکٹ نے بھی کرس جورڈن کا ساتھ دیا اور 8اوورز میں23رنز کے اضافے پر باقی 5ویسٹ انڈین بیٹسمینوں کو بھی آوٹ کردیا ۔ان میں سے بھی صرف ایک کارلوس بریتھویٹ 10رنز تک پہنچ پائے۔ویسٹ انڈین اننگز کا دوسرا بڑا اسکور 8رنز تھا اور پوری ٹیم 11.5اوورز میں 45رنز پر ڈھیر ہو کر 137رنز سے شکست کھا گئی ۔ کرس جورڈن نے تباہ کن بولنگ کی اور 2اوورز میں6رنز دے کر4وکٹیں لیں، 2-2 وکٹیں عادل راشد،لیام پلنکٹ اور ڈیوڈ ولی کے حصے میں آئیں ۔ انگلش ٹیم ویسٹ انڈیز میں پہلی سیریز جیتنے میں بھی کامیاب رہی۔
کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ" اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: