Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ : حرمین ریل کا فرضی حادثہ ، 26 مسافر زخمی

”فرضی حادثے“ سے نمٹنے کا مقصد اہلکاروں کی کارکردگی بہتر بنانا ہے، سالم المطرفی 
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) شہری دفاع کے تعاون سے فرضی ریل حادثے میں کی جانے والی ہنگامی امداد کا مظاہرہ کیا گیا ۔ فرضی حادثے میں شہری دفاع کے علاوہ 10 سرکاری اداروں کے اہلکاروں نے حصہ لیا ۔ فرضی حادثے میں امدادی کارروائیوں کے بعد منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہری دفاع کے ریجنل ڈائریکٹر بریگیڈ یئرسالم المطرفی نے کہا کہ فرضی حادثے سے نمٹنے کا مقصد سرکاری اہلکاروں کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے تاکہ وہ کسی بھی ہنگامی حالت کے لئے تیار رہیں ۔ فرضی حادثے میں تمام اداروں کے کارکنوں نے انتہائی مستعدی سے جملہ امور انجام دیئے ۔ بریگیڈیئر المطرفی نے مزید کہا کہ شہری دفاع کے ساتھ امور صحت ، ہلال الاحمر اور پولیس اہلکاروں کی کارکردگی کو جانچنے کا بھی موقع ملا جو انتہائی متاثر کن تھا ۔ ہمیں اپنے جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر اعتماد ہے تاہم ان میں اضافے کےلئے ہمہ وقت کوشاں رہتے ہیں ۔ حرمین ریلوے کے حوالے سے شہری دفاع کی جانب سے فرضی حادثہ اور اسکے بعد امدادی کارروائیوں کو انتہائی جامع انداز میں مکمل کیا گیا ۔ شہری دفاع نے صحافیوں کےلئے خصوصی اہتمام کیا تھا ۔ فرضی حادثہ جدہ کے ریلوے اسٹیشن سے ملحق کراسنگ پل پر کیا گیا جس میں حرمین ٹرین جدہ سے روانہ ہوئی جو النسیم کے علاقے میں پہنچتے ہی حادثے کا شکار ہو گئی ۔ ٹرین میں 437 مسافر سوارتھے ۔ حادثے کے نتیجے میں ریل کی پہلی بوگی پٹری سے اترکر پل سے نیچے گر گئی جبکہ دوسری بوگی میں آگ لگنے کا منظر پیش کیا گیا تھا ۔ فرضی حادثے میں 26 مسافر زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کرتے ہوئے شدید زخمیوں کو ہلال الاحمر کی ایمبولنسوں کے ذریعے اسپتال منتقل کیاگیا ۔امدادی کارروائیوں میں شہری دفاع ، وزارت صحت ، ہلال الاحمر ، پولیس ، الیکٹریکل کمپنی ، بلدیہ اور دیگر اداروں کے اہلکارو ں نے شرکت کی ۔ ریل کی بوگیوں کی جگہ بس استعمال کی گئی جسے پل سے گرتے ہوئے بھی دکھایا گیا تھا۔

شیئر: