Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

منی لانڈرنگ کیس راولپنڈی منتقل ،زرداری کی ضمانت منسوخ

کراچی...بنکنگ کورٹ نے سابق صدراو پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اوران کی ہمشیرہ فریال تالپور کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کو کراچی سے راولپنڈی منتقل کردیا ۔ عدالت نے سابق صدر آصف زرداری،ان کی ہمشیرہ فریال تالپور اوردیگرملزمان کی ضمانتیں منسوخ کرنے سمیت تمام ملزمان کی زر ضمانت بھی خارج کرنے کا حکم دیدیا۔جمعہ کو بنکنگ کورٹ میں میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔آصف علی زرداری عدالت میں پیش ہوئے تاہم ان کی ہمشیرہ فریال تالپور پیش نہیں ہوئیں۔حسین لوائی، عبدالغنی مجید و دیگر نے بھی عدالت میں پیش ہوکر حاضری لگائی۔سماعت کے دوران عدالت نے میگا منی لانڈرنگ کیس کو کراچی سے راولپنڈی منتقل کرنے سے متعلق نیب کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا۔ فیصلے کے بعد انور مجید کے بیٹے نمر مجید، ذوالقرنین اور علی کمال گرفتاری کے خوف سے عدالت سے چلے گئے تاہم کچھ دیر بعد وہ واپس بینکنگ کورٹ آ گئے۔عدالت نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے آصف زرداری کے خلاف کیس کو راولپنڈی منتقل کرنے کا حکم دیا ۔ آصف علی زرداری، ہمشیرہ فریال تالپور، نمر مجید اور ذوالقرنین مجید سمیت علی مجید کی عبوری ضمانتیں بھی منسوخ کردی گئیں۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ مقدمہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق منتقل کیا گیا۔جیل میں قید ملزمان کو راولپنڈی عدالت میں پیش کیا جائے۔ آصف علی زرداری نے کمرہ عدالت میں اپنے وکلا سے قانونی مشاورت کی ۔ مشاورت میں شہادت اعوان، ابوبکر زرداری ، حسین لوائی اورعبدالغنی مجید بھی شامل تھے۔مشاورت کے بعد آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی جانب سے بینکنگ کورٹ کے آرڈرز کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بینکنگ کورٹ کے فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔عدالت پہنچنے پر صحافیوں نے آصف علی زرداری سے سوال کیا کہ آپ کا کیس اسلام آباد منتقل ہوگیا کیا کہیں گے۔ سابق صدرنے کہاکہ کیس منتقل ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ججز اور ماہرین وکلا ہی اس بارے میں اپنی رائے دے سکتے ہیں۔آصف زرداری اور فریال تالپورکے وکیل فاروق ایچ نائیک نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حکمت عملی طے کی جارہی ہے۔میں سمجھتا ہوں نیب کے پاس گرفتاری کا اختیار ہے لیکن انوسٹی گیشن کا اختیار نیب کے پاس موجود نہیں ۔ایف آئی اے کی درخواست اب نیب کورٹ میں ریفرنس کے طور ٹریٹ کی جائے گی۔نیب عدالت کو اختیار ہے کہ ملزمان کے وارنٹ جاری کرے یا سمن جاری کرے۔
فیصلہ انصاف کے منافی ہے، سعید غنی
سندھ کے وزیر بلدیات سعیدغنی نے کہا ہے کہ تمام اداروں کاتعلق سندھ سے ہے۔سماعت راولپنڈی میں ہوگی۔فیصلہ انصاف کے منافی ہے۔ انتقامی کارروائی ہورہی ہے۔ہمارے لئے قانون کی بالادستی قائم نہیں ہوگی۔ منی لانڈرنگ کیس راولپنڈی منتقلی کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ ماضی میں قیادت پرلگے الزامات کاعدالتوں میں سامناکیااورکریں گے۔اس طرح کے الزامات کاسیاسی محاذ پربھی سامناکریں گے۔ مقدمات کے باوجود پیپلزپارٹی کا موقف تبدیل نہیں ہوگا۔انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹوزرداری کھل کر ملکی معاملات پر بات کر تے رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے موقف کودبانے کی کوشش کی جارہی ہے۔1977 سے جو ہورہا وہ آج بھی جاری ہے۔
 
 

شیئر: