Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابو بچاو کے بعد ابو نکالو مہم

لاہور... وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہاہے کہ خورشید شاہ اور فضل الرحمن کو نواز شریف اور آصف زرداری سے کوئی محبت نہیں انہیں معلوم ہے کہ جس طرح احتساب کی باریاں لگی ہیں ان کی باری بھی آنے والی ہے۔احتجاج اپوزیشن کا حق ہے لیکن ان کے پاس کچھ نہیںاس لئے بندے بھی ہم سے مانگ لیں ۔ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ سندھ سے تعلق رکھنے والی 2 ہندو لڑکیوں کے معاملے کی و یڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان اور ریاست نے سختی سے نوٹس لیا ہے۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ پنجاب اور سندھ کی حکومت حقائق سامنے لائے ۔اس کیس کو سلجھائیں گے او رلڑکیوں کو بحفاظت بازیاب کرائیں گے ۔ذمہ داران کو گرفتار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سنا ہے کہ بلاول بھٹو ٹرین مارچ کر رہے ہیں ۔انہیں مشورہ ہے کہ موجودہ حالات میں ہندکے خلاف ٹرین مارچ کریں ، ابو بچا و مہم کافی عرصہ چلنے والی ہے ، نواز شریف اور آصف زرداری کے معاملات اتنی جلد حل ہونے والے نہیں۔آپ پھر تحریک چلا لیجیے گا ۔آپ کو کافی موقع ملے گا۔ابھی آپ ابو بچاو مہم چلانے جارہے ہیں اور پھر ابو نکالو مہم چلائیں گے۔ اس لئے تھوڑا انتظار کریں او رایک ہی وقت مہم چلا لیں۔ اس سے آپ کا وقت بھی بچ جائے گا۔ جب ان سے 5ہزار ارب روپے کی کرپشن کا پوچھیں تو کہتے ہیں ہم مہم چلائیں گے۔یہ نیب کے خلاف سیاسی مہم کا حصہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حیرت ہے کہ مولانا فضل الرحمن او رخورشید شاہ کہہ رہے ہیں کہ معیشت تباہ حال ہے۔ حکومت نے اتنے قرضے لے لئے ۔ فضل الرحمن 1988ءکے بعد پہلی مرتبہ اسمبلی سے باہر ہوئے ہیں۔ اس لئے ان کا دکھ سب سے زیادہ ہے ۔ ان سے ہاتھ ملائیں تو ان کی آنکھوں میں آنسو ہوتے ہیں ۔اسلام کو کوئی خطرہ نہیں بلکہ ان سے اسلام آباد کی دوری برداشت نہیں ہو رہی ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سالوں کے مقابلے میں انتہائی کم قرضے لئے ہیں ۔ امسال حکومت نے اربوں روپے کا قرضہ واپس کرنا ہے۔1700سے 1800کروڑ روپے سود ہے ۔ جب ان لوگوں نے معیشت ہمارے حوالے کی تھی بالکل بھی کچھ نہیں بچا تھا ۔تباہ حال معیشت تھی ۔ آٹھ ماہ میں کرپشن میں واضح کمی ہوئی ہے ۔ٹاپ لیول پرکرپشن کی کوئی شکایت نہیں۔چھوٹی سطح پر کرپشن آہستہ آہستہ ختم ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کوئی سیاسی چیلنج درپیش نہیں ۔بلاول اور مریم بی بی دونوں لاڈلے بچے ہیں ۔ انہوں نے ابھی اپنی زندگی شروع کی ہے۔ انہیں سیاست میں آنے سے پہلے دوسر ے معاملات بھی دیکھنے چاہئیں۔ انہیں چاہیے کہ خدمت کریں۔ایک ایک نوکری کریں تاکہ انہیں لوگوں کے حالات کا پتہ چلے۔ابو کے پیسوں پر سیاست کرنا تو کوئی کام نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔عمران خان کی قیادت میں عام آدمی کی زندگی میں بہتری آئے گی ۔ انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ اگر بلاول بھٹو خورشید شاہ اور قمر زمان کائرہ کو دیکھتے کہ ان کی تصویریں کن کن کے ساتھ ہیں تو کبھی ایسا مطالبہ نہ کرتے ۔ اگر ایسا ہے تو پھر تو ساری اسمبلی پر پابندی عائد کرنا پڑے ۔ انہوںنے کہا کہ وزراءپاکستان کے ساتھ ہیں ، بلاول بھٹو کو اپنا بیانیہ تبدیل کر کے پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا ۔ 
 

شیئر: