Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیپلزپارٹی کا ٹرین مارچ لاڑکانہ پہنچ گیا

لاڑکانہ ... پیپلزپارٹی کا ٹرین مارچ "کارروان بھٹو" 40گھنٹے بعد بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب اپنی منزل لاڑکانہ پہنچ گیا ۔پیپلزپارٹی کے رہنماوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے پر تپاک استقبال کیا ۔ لاڑکانہ اور دیگر مقامات پر استقبالی ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ احتساب کے نام پر سیاسی انتقام قبول نہیں۔ نیب گردی کے ذریعے ہماری زبان بند نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ 40 سال گزرنے کے باوجود بھی بھٹو کی سوچ و فکر سے ڈرتے ہیں۔جب قائد عوام کے نواسے کو بھٹو کے نام سے پکارا جاتا ہے تو ان کی چیخیں نکل جاتی ہیں۔ یہ ان کی نفرت ہے جو بھٹو کے نظریات سے ہے۔پاکستان کا آئین پیپلزپارٹی نے بنایا،ہم اس پر آنچ بھی نہیں آنے دیں گے۔
بلاول نے کہا یہ کٹھ پتلی حکومت ہے، یہ سلیکٹڈ حکومت ہے ۔یہ عوام دشمن حکومت جب سے آئی ہے عوام مہنگائی میں ڈوب گئی ۔انہوں نے کہاکہ بڑا لیڈر کبھی آمر کے سامنے نہیں جھکتا۔ یہ کیسے وزیراعظم ہیں۔ یوٹرن پر یوٹرن لیتے ہیں۔ کہاں گئے خان صاحب کے وعدے ؟ ۔خان صاحب نے کہا 50 لاکھ گھر دوں گا۔کیا آپ کو کوئی گھر ملا؟ خان صاحب نے کہا تھا کہ کسی کو این آر او نہیں دوں گا لیکن علیمہ خان، مشرف اور طالبان سے این آر او کیا گیا۔ اسی طرح کہا تھا کہ بھیک نہیں مانگوں گا لیکن اب صورتحال یہ ہے کہ جہاں بھی جاتے ہیں پہلا کام بھیک مانگتے ہیں اور چندہ مانگتے ہیں۔خان صاحب کہتے تھے خودکشی کریں گے مگر آئی ایم ایف سے قرضہ نہیں لیں گے۔ کوئی نیازی صاحب کو سمجھائے کہ معیشت چندے سے نہیں چلتی ہے۔
  انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے میں ناکام ہوگئے ۔مہنگائی میں بے تحاشا اضافہ کرکے عوام کے منہ سے روٹی کا لقمہ چھینا جارہا ہے۔ بھوک افلاس اوربے روزگاری کے سبب لوگ اپنی جانوں سے بیزار ہوکر خود کشیاں کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج پھر غیرجمہوری قوتیں پیپلزپارٹی کے خلا ف سازشیں کررہی ہیں ۔ ان سے گھبرانے والے نہیں۔ احتساب کے نام پر پولیٹیکل انجینئرنگ پر اعتراض ہے۔ خان صاحب اگر کرپشن کو ختم کرنا ہے تو کوئی غیر جانبدار ادارہ بنائیں۔انہوں نے کہاکہ یہ کیا سمجھتے ہیں ذوالفقار بھٹوکا نواسہ اور بے نظیر کا بیٹا چپ رہے گا۔ احتساب کے نام پر انتقام نہیں ہونے دیں گے۔ نیب مشرف کا بنایا ہوا کالا قانون ہے۔پیپلز پارٹی کے قائد ذوالفقار علی بھٹو نے اپنی جان دے دی لیکن اصولوں پر سودے بازی نہیں کی۔ پیپلز پا ر ٹی اور اس کے جیا لے حکومت کے او چھے ہتھکنڈو ں سے ڈرنے والے نہیں ۔ ملک کی سلا متی اور بقا کیلئے بڑ ی سے بڑ ی قر با نیا ں دی ہیں۔ جیلو ں اور گرفتاریوں سے ڈرنے والے نہیں۔ 
کراچی سے لاڑکانہ تک ٹرین مارچ کے دوران چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے چھوٹے بڑے 24 ریلوے اسٹیشنوں پر خطاب کیا۔ٹرین مارچ کا پہلا مرحلہ کراچی سے شروع ہوا ۔ نواب شاہ میں پارٹی چیئرمین نے رات بھر قیام کیا۔ دوسرے مرحلے میں نواب شاہ سے لاڑکا نہ پہنچے بلاول بھٹو4 اپریل کو گڑھی خدا بخش میں بھٹو کی برسی پر بڑے جلسے سے خطاب کریں گے۔
 

شیئر: