Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خمیس مشیط پر حملہ آور 2ڈرونز گرالئے ،خاتون سمیت 5شہری زخمی

ابہا: سعودی فضائیہ نے خمیس مشیط پر حملہ آور 2ڈرون مار گرائے۔ایران کے حمایت یافتہ حوثی ڈرونز سے خمیس مشیط  کے 2محلوں کو  نشانہ  بنارہے تھے۔ 
سعودی خبر رساں ادارے ’’واس‘‘ کے مطابق عرب اتحاد برائے یمن کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ حملہ آور ڈرونزکو گرانے سے ملبہ گرنے پر ایک خاتون اور ایک بچی سمیت 5شہری زخمی ہوگئے۔ متعدد مکانات اور 4گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

المالکی نے بتایا کہ ایران کے حمایت یافتہ دہشتگرد حوثی شہریوں اور آبادیوں پر مسلسل حملے کررہے ہیں۔ وہ اس سلسلے میں ڈرونز اور ریموٹ کنٹرول کے ذریعے چلائی جانے والی بوٹس استعمال کررہے ہیں۔ یہ حملے الحدیدۃ سے ایسے عالم میں کرائے جارہے ہیں جبکہ عرب اتحادی سویڈن معاہدے کے تحت جنگ بندی کا احترام کررہے ہیں۔ حوثی  اس طرح کے حملے کرکے عرب اتحاد کی افواج کو مشتعل کرنے کے درپے ہیں۔
المالکی نے کہا کہ عرب اتحاد کی مشترکہ افواج کے کمانڈر یمن کیلئے اقوام متحدہ کے ایلچی اور سویڈن معاہدے  پر عمل درآمد کو کامیاب بنانے کیلئے مقرر کمیٹی کے سربراہ سے تعاون کے پابند ہیں۔ انہوں نے خبردا رکیا کہ خودکش دہشتگرد حملوں سے پوری قوت سے نمٹا جائیگا۔ عرب اتحاد کے کمانڈر بین الاقوامی انسانی قانون اور روایات سے ہم آہنگ دنداں شکن جواب دینگے۔

عسیر ریجن میں شہری دفاع کے ترجمان کرنل محمد العاصمی نے بتایا کہ ڈرونز کو گرانے سے خمیس مشیط کے 2محلوں میں ملبہ گرنے پر 5شہری زخمی ہوئے ان میں ایک بچہ اور ایک سعودی خاتون شامل ہیں۔ کئی مکانوں اور ایک شادی گھر کو نقصان پہنچا۔ 4گاڑیوں کو بھی مختلف درجے کا نقصان ہوا۔ خاتون کو سر میں زخم آنے پر علاج کیلئے اسپتال میں داخل کردیا گ یا۔
 

شیئر: