Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

" خان صاحب کی سیاسی زندگی کو مشکل کریں گے"

کراچی ...پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ اگر عمران خان کو لگتا ہے کہ وہ اپوزیشن کے تمام ارکان کو جیلوں میں ڈال کر اپنی راہ ہموار کرلیں گے تو یہ غلط فہمی ہے۔ان کا حشر بھی وہی ہوگا جو آج پرویز مشرف کا ہورہا ہے۔ جیل کے اندر ہوں یا باہر خان صاحب کی سیاسی زندگی کو مشکل کریں گے۔
  پیپلزپارٹی میڈیا سیل کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے بلاول نے کہاکہ احتساب کے نام پر انتقام اور مخالفین کی زبان بندی کی کوشش کی جارہی ہو تو ہم اس کے خلاف بولیں گے۔ وزیراعظم نے آتے ہی نیب کو کہا کہ سب کو پکڑیں۔ نیب میں اصلاحات کی ضرورت ہے، یہ کالاقانون ہے۔ یہ منی لانڈرنگ کا ادارہ ہے۔ اگر حکومت کے ساتھ ہوں تو سب معاف ہے اور تھوڑے پیسے دے کر جان بھی چھڑا سکتے ہیں۔
ملک میں احتساب کا دہرا نظام نہیں چلے گا۔ جب تک غیر متنازعہ ادارہ نہ ہو تب تک ہم کرپشن کا مقابلہ نہیں کرسکیں گے۔ کرپشن کے خلاف بات کرنے والوں نے اس حوالے سے قانون نہیں بنانا۔انہوں نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم ہمارے لئے ریڈ لائن ہے۔اگر حکومت ا سے چھیڑے گی تو ہمیں حکومت کو گرانا پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ جو کام دھاندلی سے حاصل نہیں کرسکے وہ سازش ، جے آئی ٹی اور نیب گردی سے ایسا کرنا چاہتے ہیں۔ حکومت کو تجویز ہے کہ ہوش کے ناخن لے اور جمہوری طریقے پر عمل کرے ورنہ پرویزمشرف والا حال ہوگا۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ یہ کٹھ پتلی ہیں، سیاسی جماعتوں سے ڈرتے ہیں۔ جب پیپلزپارٹی نکلتی ہے تو بڑے بڑے تخت گرجاتے ہیں۔ میرے ٹرین مارچ پر وزیراعظم ہاوس سے چیخیں نکلی ہیں۔
ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ کراچی کے علاقے ٹنکی گراونڈ میں پہلے بھی جلسے کے دوران کہا تھا کہ خان صاحب اور انکل الطاف ایک ہیں تحریک انصاف نئی یا پرانی ایم کیو ایم ہے۔ ماضی میں جیسے کراچی کو بند کیا جاتا تھا عمران خان نے بھی اسی طرح اسلام آباد اور دیگرشہر بند کئے ۔بلاول نے کہا کہ ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کا انتخابی اتحاد نقصان دہ ہوگا۔
  قبل ازیں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں ایشیا کے سب سے بڑے سینٹر آف آئزم کے دورہ کیا۔انہوںنے اس عزم کا اظہار کیا کہ موقع ملا تو سینٹر آف آٹزم، این آئی سی وی ڈی ، ایس آئی یو ٹی، اور گمبٹ جیسے جدید اور مفت علاج و تربیت فراہم کرنے والے ادارے ملک بھر میں بنائے جائیں گے۔ 
 

شیئر: