Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوہلی مسلسل تیسری مرتبہ 'وزڈن کرکٹرز آف دی ائیر' قرار

کرکٹ کی بائبل تصور کیے جانے والے برطانوی میگزین وزڈن نے مسلسل تیسری مرتبہ انڈین کپتان کو 'کرکٹرزآف دی ائیر' میں شامل کیا ہے۔
کوہلی مسلسل تین بار یہ اعزاز پانے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔
فرانسیی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق انگلش کنڈیشنز میں رنز نہ بنانے پر تنقید کا سامنا کرنے والے انڈین کپتان نے گذشتہ برس انگلینڈ کے خلاف سیریز میں دو سنچریوں کی مدد سے 593 رنز بنا کر ناقدین کو خاموش کیا تھا۔ تاہم کوہلی کی ٹیم یہ سیریز چار ایک سے ہار گئی تھی۔
ٹیسٹ اور ایک روزہ کرکٹ کی رینکنگ میں سرفہرست ویراٹ کوہلی نے 2018 کے دوران کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں 2735 رنز بنائے۔
 گذشتہ برس سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر رہنے والے انگلینڈ کے جو رووٹ نے کوہلی سے 700 رنز کم بنائے۔
وزڈن کی جانب سے ایوارڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انگلش کنڈیشنز میں کوہلی کی کارکردگی نے ثابت کیا کہ وہ اس دور کا غیر معمولی کھلاڑی ہے۔
وزڈن کی جانب سے سال کے بہترین کھلاڑی قرار پانے والے دیگر کرکٹرز میں انگلینڈ کے سام کرن، جوز بٹلر اور روری برنس شامل ہیں۔ انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی ٹیمی بیومونٹ کو بھی وزڈن کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

وزڈن کے مطابق جنوبی افریقہ، انگلینڈ، آسٹریلیا اور ہوم گراؤنڈ پر سنچریاں بنانے والے ویرات کوہلی نے ثابت کیا ہے کہ وہ کھیلتے ہوئے دباؤ کو خاطر میں نہیں لاتے۔
دنیا بھر کے بہترین کھلاڑیوں کی فہرست میں انڈین کھلاڑی سمرتی مندھانا نے بہترین خاتون کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کیا جب کہ افغانستان کے لیگ سپنر راشد خان نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز برقرار رکھا۔
کرکٹ کی بائبل کا درجہ رکھنے والے وزڈن کا نیا شمارہ 11 اپریل کو شائع  ہو رہا ہے۔

شیئر: