Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کرکٹ کپ کے فائنل میں خیبرپختونخوا کی بلوچستان کو شکست

راولپنڈی:خیبرپختونخوا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کپ 9رنز سے جیت لیا۔ پاکستان کپ ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی ٹیموں کے مابین کھیلاگیا۔ خیبرپختونخوا نے 7وکٹوں پر 307رنز بنائے ،بلوچستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 298رنز بنا سکی۔سہیل خان کو آخری اسپیل میں عمدہ بولنگ کرانے پر مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔
خیبرپختونخوا کے کپتان سلمان بٹ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔اوپنر سلمان بٹ کے 2رنز پر حارث روف نے آوٹ کردیا۔ ساتھی اوپنر عابد علی نے محمد سعد کے ساتھ مل کر 136رنز کی عمدہ شراکت کی۔عابد علی نے سنچری اسکور کرتے ہوئے 3چھکوں اور 12چوکوں کی مدد سے 132 رنز بنائے،سعد علی نصف سنچری اسکور کرکے 51رنز پرآوٹ ہوئے۔عادل امین ایک، خوشدل شاہ 2 ،زوہیب خان 27رنز بنا سکے ، عدنان اکمل کوحارث روف نے 14پر بولڈ کر دیا۔وہاب ریاض 22رنز بنا کرناٹ آوٹ رہے جبکہ سہیل خان نے صرف 20گیندوں پر چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 45رنز کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی۔خیبرپختونخوا نے محدود 50اوورز7وکٹوں کے نقصان پر307رنز بنائے۔ علی عمران نے 3اور حارث روف نے 2کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ، عمر خان اور عماد بٹ نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں بلوچستان کی ٹیم نے محتاط انداز اپنایا ، ذیشان اشرف کے 16رنز بنا کر آوٹ ہونے کے بعدکپتان اسد شفیق نے اویسضیاءکا ساتھ دیا۔ اسد شفیق 48رنز بنا کر زوہیب خان کی گیند پر اسٹمپڈآوٹ ہوگئے۔ عمر اکمل نے 2چھکے لگا کر 23رنز کی اننگز کھیلی۔علی امین نے 27رنز بنائے۔بسم اللہ خان 20رنز بنا کر رن آوٹ ہوئے تو سہیل خان نے عماد بٹ کو 11 اور حارث روف کو8رنز پر آوٹ کر کے میچ کو سنسنی خیز بنا دیا اور ہدف مشکل بنا دیا۔عمر خان اور محمد عرفان ایک، ایک رنز پر ناٹ آوٹ رہے۔

 ٹورنامنٹ میں پنجاب ، سندھ اور فیڈرل ایریا کی ٹیمیں بھی شامل تھیں۔ فیڈرل ایریا کی ٹیم کے کپتان محمد رضوان کے ساتھ احمدشہزاد، شعیب مقصود اور بلال آصف شامل تھے ، فیڈرل ایریا کی ٹیم 4 میچوں میں کوئی کامیابی حاصل نہ کرسکی۔ سندھ اور پنجاب کی ٹیموں کو ابتدائی 2،2میچوںمیں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔
دونوں ٹیمیں دوسرے دونوں میچوںمیں کامیاب رہیں۔راولپنڈی میںاتوار7اپریل کو طوفانی ہواوں اور موسم کی خرابی کے باعث خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی ٹیموں کا میچ نامکمل رہا جس کے باعث دونوں کو ایک، ایک پوائنٹ حاصل ہوا اور یہی پوائنٹ دونوں کو فائنل میں پہنچانے میں واضح فرق ثابت ہوا۔

 سندھ کی ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری وہاب ریاض کے پاس تھی جبکہ ان کے ساتھی کھلاڑیوں میں صاحبزادہ فرحان، عمر امین، آصف علی، حماد اعظم شامل تھے۔ اسی طرح پنجاب ٹیم کی قیادت کامران اکمل کر رہے تھے۔ان کے ساتھی کھلاڑیوں میں خرم منظور،افتخار احمد، سعد علی، حسین طلعت اور سہیل تنویر شامل تھے۔
 15اور 16اپریل کو کھلاڑی ورلڈ کپ کی فائنل سلیکشن کیلئے قذافی اسٹیڈیم لاہور کی نیشنل اکیڈمی میں ایک بار پھر اکٹھے ہوں گے۔ جہاں کھلاڑیوں کافٹنس ٹیسٹ لیا جائے گا ۔ پاکستان ٹیم ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ سے ون ڈے سیریز بھی کھیلے گی۔ 

شیئر: