Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین انتخابات کا دوسرا مرحلہ: 427 کروڑ پتی امیدواربھی میدان میں

بھارت کے عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں حصہ لینے والے 427 امیدوار ایسے ہیں جن کے اثاثے ایک کروڑ روپے یا اس سے زائد ہیں۔
ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹ ریفارمز(اے ڈی آر) کے مطابق انتخابات کے دوسرے مرحلے میں شریک امیدواروں کے اوسط اثاثے 3 کروڑ 90 لاکھ روپے بنتے ہیں۔
خیال رہے انڈیا کے انتخابات کا دوسرا مرحلہ 18 اپریل کو ہوگا۔ انڈین انتخابات 19 مئی اختتام پذیر ہونگے۔
اے ڈی آر نے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں حصہ لینے والے 1644 امیدواروں میں سے 1590 امیدواروں کے ظاہر کردہ اثاثوں کی چھان بین کی۔
رپورٹ کے مطابق 11 فیصد امیدوار ایسے ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت 5 کروڑ روپے یا اس سے زائد ہیں۔ انتخابات میں حصہ لینے والے 41 فیصد امیدوار ایسے ہیں جن کے اثاثے 10 لاکھ روپے یا اس سے کم ہیں۔
اے ڈی آر کے رپورٹ کے مطابق 1590 امیدواروں میں سے 209 کا تعلق قومی اور 107 کا تعلق ریاستی جماعتوں سے ہے۔ 386 کروڑ پتی امیدوار ایسے ہیں جن کی پارٹیاں تو الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہیں لیکن وہ غیر معروف سمجھی جاتی ہیں۔ کروڑ پتی امیدواروں میں 888 امیدوار الیکشن میں آزاد حیثیت سے حصہ لے رہے ہیں۔ 
انتخابات کے دوسرے مرحلے میں حصہ لینے والے سب سے زیادہ کروڑ پتی امیدواروں کا تعلق کانگرس اور اس کے بعد بھارتیا جنتا پارٹی سے ہے۔ کانگرس کے 53 امیدواروں میں سے 46 امیدوار کروڑ پتی ہیں۔ بھارتیا جنتا پارٹی کے 51 میں سے 45 امیدوار کروڑوں روپوں کے اثاثوں کے مالک ہیں۔
 ڈراوڑ متنر کڑگم (ڈی ایم کے) پارٹی کے 24 میں سے 23 اور آل انڈیا ڈراوڑ متنر کڑگم (اے آئی ڈی ایم کے) پارٹی کے تمام 22 امیدوار کروڑ پتی ہیں۔ بہوجن سماج پارٹی کے 80 میں سے 21 امیدواروں نے اپنے اثاثے ایک کروڑ روپے یا اس سے زائد ظاہر کئے ہیں۔ 
ان 427 کروڑ پتی امیدواروں میں پہلی تینوں پوزیشنز کانگرس کے پاس ہیں۔ سب سے زیادہ امیر کنیاکماری (تامل ناڈو) سے کانگرسی امیدوار وسانتھا کمار ایچ ہیں جن کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 4 ارب 17 کروڑ روپے ہے۔ دوسرے امیر ترین امیدوار اودے سنگھ کا تعلق بھی کانگرس سے ہے۔ پورنیا (بہار) سے تعلق رکھنے والے امیدوار 3 ارب 41 کروڑ روپے اثاثوں کے مالک ہیں۔ ڈی کے سریش 3 ارب 38 کروڑ روپے مالیت کے اثاثوں کے ساتھ تیسرے امیر ترین امیدوارہیں۔ ڈی کے سریش بنگلور (کرناٹکا) سے کانگرس کے امیدوار ہیں۔
ہندوستان جنتا پارٹی کے سولاپور (مہاراشٹرا) سے امیدوار شری وینکا ٹیسوار کے اثاثوں کی کل مالیت صرف نو روپے ہے۔ ان کے بعد دو آزاد امیدواروں راجیش پی اور راجا این کا نمبر آتا ہے جن کے اثاثوں کی مالیت سو سو روپے بنتی ہے۔ انتخابات میں حصہ لینے والے 16 امیداروں نے اپنے اثاثے صفر ظاہر کئے ہیں

شیئر: