Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کپتان کی ٹیم سے ملاقات، کامیابی کے گُر سکھائے

وزیر اعظم عمران خان نے قومی کرکٹ ٹیم کےکھلاڑیوں سے ملاقات میں آئندہ ماہ شروع ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ  میں عمدہ کارکردگی دکھانے کے حوالے سے مشورے دئیے ہیں۔ 
جمعے کو وزیراعظم کی رہائش گاہ بنی گالہ اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات میں ٹیم مینجمنٹ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی بھی شریک ہوئے۔
وزیر اعظم نے قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کی اور کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کی تیاریوں کے حوالے سے مشورے دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
خیال رہے کہ عمران خان دنیا کے وہ واحد وزیر اعظم ہیں جو کرکٹ کے میدان میں بطور کپتان اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے ورلڈکپ بھی جیت چکے ہیں اور سیاست میں آنے کے بعد ملک میں ترقی کے حوالے سے دیے جانے والے بیانات میں اکثر 1992  کے ورلڈ کپ کی کامیابی کا تذکرہ کرتے ہیں۔
دوسری اہم بات یہ بھی ہے کہ 1992 میں عمران خان کی قیادت میں ورلڈ کپ جیتنے میں اہم کردار ادا کرنے والے انضمام الحق اس وقت ٹیم کے چیف سلیکٹر ہیں اور وہ اپنی منتخب کی ہوئی ٹیم سے ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی کی اُمید رکھتے ہیں۔
عمران خان سے ملاقات کے بعد کھلاڑیوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے کرکٹ ورلڈ کپ کو دوبارہ پاکستان کے نام کریں گے۔
محمد حفیظ نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ'ہمیں اپنے کپتان اور قابل احترام وزیراعظم پاکستان عمران خان سے مل کر بہت خوشی ہوئی ہے، آپ ہمارے لیے رول ماڈل اور متاثر کن شخصیت ہیں، ہم آپ کی ہدایات پر عمل کریں گے اور انشاللہ ورلڈ کپ گھر لے کر آئیں گے۔ٗ
اظہر محمود نے لکھا کہ 'آج قابل عزت وزیراعظم عمران خان سے مل کر بہت خوشی ہوئی۔ایک لیجنڈ کی طرف سے ٹیم کو کھیلنے کے لیے حوصلہ افزائی کرکے الوداع کرنے کا بہت لطف آیا۔ عمران خان کو نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے سننا بڑے اعزاز کی بات ہے۔'
ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے قومی کرکٹ ٹیم کھلاڑیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک و قوم کی نمائندگی کرنا کرکٹ ٹیم کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔
انھوں نے کہا کہ کھلاڑی قوم کے سفیر ہیں اور ملک و قوم کی توقعات ان سے وابستہ ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے یہ بھی کہا کہ 'ٹیم سپرٹ کامیابی کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے اور پوری قوم کی دُعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔ آپ سپورٹس مین سپرٹ اور اچھی کارکردگی سے قوم کا نام روشن کریں۔'
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا 1992 میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کمزور تھی، لیکن جذبے بلند تھے جس کی وجہ سے پاکستان نے ورلڈ کپ جیتا۔

شیئر: