Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آصف علی کی بیٹی کے لیے کرکٹ شائقین کی دعائیں

پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی آصف علی کینسر کے موذی مرض میں مبتلا اپنی بیٹی کو علاج کے لیے امریکہ لے کر جار ہے ہیں اور انہوں نے شائقین سے اپنی بیٹی کی صحت کے لیے دعاؤں کی اپیل کی ہے ۔
آصف علی نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر بتایا ہے کہ ان کی بیٹی کینسر  کے چوتھے سٹیج پر ہے اور وہ علاج کے لیے امریکہ جانے کے لیے ویزہ جاری کرنے پر امریکی سفارت خانے کے شکرگزار ہیں ۔
اپیل کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی ایک بڑی تعداد آصف علی کی بیٹی کے لیے دعائیں اور نیک تمنائوں کا اظہار کر رہی ہے ۔ 
آصف علی پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کھیلتے ہیں۔ 
آصف علی کی شیر خوار بیٹی کی بیماری کے حوالے سے گذشتہ کچھ عرصے سے خبریں گردش کر رہی ہیں ۔ حالیہ پی ایس ایل کے دوران بھی شائقین کرکٹ آصف علی کی بیٹی کی صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے تھے۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی نے اعلان کیا تھا کہ 'پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو ملنے والی 20 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم آصف علی کی بیٹی کے علاج کے لیے دی جا رہی ہے۔'
آصف علی نے ٹویٹ کیا کہ'میری بیٹی کینسر سے جنگ لڑ رہی ہے اور ہم اسے علاج کے لیے امریکہ لے کر جا رہے ہیں۔' انہوں نے لکھا ہے کہ لاہور کے امریکی قونصلیٹ اور اسلام آباد میں سفارت خانے کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ایک گھنٹے میں ہمیں ویزہ جاری کیا ۔ 
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی نے آصف علی کے ساتھ ان کے مشکل وقت میں تعاون کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم آصف علی کے مشکل وقت میں ان کو سپورٹ کرنے پر متفق ہے۔ ہم پی ایس ایل 'سپرٹ کرکٹ' کی ساری انعامی رقم آصف کو دے رہے ہیں۔'
انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا کہ آصف علی کی بیٹی کے لیے ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں ان کے ساتھ ہیں ۔ 'ہم ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔'
خیال رہے کہ گذشتہ ماہ پاکستان سپر لیگ کے ایک میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی کراچی کنگز کے خلاف جیت کو ٹیم نے آصف علی کی بیٹی کے نام کیا تھا ۔  سابق آسٹریلوی کرکٹر اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ ڈین جونز نے بھی آصف علی کی بیٹی کی صحت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا ۔ 
 

شیئر: