Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میشا شفیع کا ٹوئٹر سے ’بریک‘ کا اعلان

پاکستانی گلوکارہ میشا شفیع نے ٹوئٹر سے رخصتی کا اعلان کیا ہے، تاہم ان کے بقول یہ چھٹی مستقل نوعیت کی نہیں بلکہ وہ سالانہ وقفہ لے رہی ہیں۔
گزشتہ کئی ہفتوں سے مسلسل خبروں کا حصہ بننے والی میشا شفیع نے بدھ کے روز اپنے پیغام میں واضح کیا کہ وہ ٹوئٹر سے چھٹی اس لیے نہیں لے رہیں کہ انہیں بے رحمانہ طریقے سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا اوران پرغلط الزامات لگائے گئے۔ ’میں نے گزشتہ برس بھی چھٹی لی تھی اور اس برس بھی ایسا کر سکتی ہوں۔‘
میشا شفیع، پاکستانی اداکاراورگلوکارعلی ظفر پر جنسی ہراسگی کا الزام لگانے کے بعد سے عدالتی کارروائی کا سامنا کر رہی ہیں۔
ایک انگریزی محاورے کا ذکر کرتے ہوئے 37 سالہ گلوکارہ نے کہا کہ ’جو(واقعات) آپ کی جان نہیں لیتے وہ آپ کو مضبوط بنا دیتے ہیں۔‘
 اپنی ٹویٹ میں ’بریک‘ لینے کا مقصد بیان کرتے ہوئےمیشا شفیع نے کہا کہ وہ بولی ووڈ سیریز’گیم آف تھرونز‘ کا مزہ خراب کرنے والے (ٹویٹر صارفین) کی وجہ سے بریک لے رہی ہیں۔
میشا شفیع کے اعلان پر ٹویٹر صارفین کا ملا جلا رد عمل رہا۔ کچھ صارفین نے ان کو ٹویٹر پر موجود رہنے کا مشورہ دیتے ہوا کہا کہ مشکل وقت بھی گزر جائے گا۔
نصیر تیلی نامی صارف نے انہیں تجویز دی کہ وہ گیم آف تھرونز دیکھیں اور اس میں ’آریا‘ کا کردار  بن کر واپس آئیں، جو کہ مظبوط اعصاب والی ایک خود مختار لڑکی کا ہے۔
زین شاہ نامی نے میشا شفیع پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت خود کو ثابت کرنے کا نہیں بلکہ میشا شفیع کو اپنے لیے کھڑے ہونے کے بجائے پاکستان میں ہر کام کرنے والی خاتون کے لیے کھڑا ہونا چاہیے۔ ’اگر وہ بھاگ رہی ہیں تو پھریقیناً انہوں نے (علی ظفر پر الزامات) سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے لگائے۔ (ایسا کر کہ )انہوں نے کچھ خواتین کے حقیقی کیسز کو کمزور کیا ہے۔‘ 
زید رضا ٹویٹر صارف کا کہنا تھا ’حیرت ہے میشا شفیع نے گیم آف تھرون کا بائیکاٹ نہیں کیا جہاں ہر سیزن میں کسی نہ کسی کو ہراساں کیا جاتا ہے۔‘
عثمان گل نے میشا شفیع کوطنزیہ انداز میں ’آئرن لیڈی‘ کے لقب سے مخاطب کرتے ہوئے ان کو علی ظفر سے متعلق فیصلے پرڈٹے رہنے کو کہا۔ ’علی ظفر پرغلط الزام لگا کر آپ نے بہت اچھا کیا۔‘
میشا شفیع نے پاکستانی فیشن انڈسٹری کے معروف’لکس اسٹائل ایوارڈز 2019‘ میں شریک ہونے سے بھی معذرت کر لی ہے۔ علی ظفر کو بھی اس ایوارڈ شو کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ 
جنسی ہراسگی کے الزامات کی تردید کرتے ہوئےعلی ظفرنے میشا شفیع کے خلاف قانونی کارروائی کی تھی۔
میشا شفیع نے الزام لگایا تھا کہ علی ظفر نے ان کو دو دفعہ جنسی طور پر ہراساں کیا تھا، پہلی مرتبہ وہ خاموش رہیں لیکن دسمبر میں دوبارہ ایسا واقع ہونے پرانہوں نے اپنی خاموشی ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔
 

شیئر: