Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مساجد کے لاؤڈ سپیکر کی آواز کم رکھیں‘

 

سعودی عرب میں مساجد کی انتظامیہ کو لاؤڈ سپیکر کی آواز کم رکھنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔
وزیر اسلامی امور نے عربی روزنامے الیوم کو جمعرات کو انٹرویودیتے ہوئے بتایا کہ وزارت کی جانب سے مرتب کیا گیا لائحہ عمل تمام مساجد کی انتظامیہ کو فراہم کر دیا گیا ہے جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ مساجد میں لاوڈ سپیکر کی آواز اتنی  بلند نہ رکھی جائے کہ دوسری مسجد تک پہنچے۔ امید ہے کہ ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے اس پر عمل کیاجائے گا ۔
وزیر اسلامی امور ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے اس ہدایت نامے کو جاری کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ بعض مساجد کی بیرونی سمت لگے لاؤڈ سپیکرز کا والیم انتہائی بلند رکھا جاتا ہے جس کی آواز دوسری مسجد تک بھی پہنچتی ہے جس سے دوسری مسجد کے نمازیوں کو مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
وزیر اسلامی امور کا کہنا تھا کہ ان احکامات کا یہ مقصد نہیں کہ لاؤڈ سپیکر کا استعمال نہ نہ کیا جائے بلکہ صرف اس کی آواز کم کرنا مقصود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیغمبر اسلام نے پڑوسی کے حق کے بارے میں بہت تلقین کی ہے یہ بھی ممکن ہے کہ جس مسجد میں لاؤڈ سپیکر کی آواز بلند ہو وہاں کوئی پڑوسی بیمار ہو۔
وزیراسلامی امور کا کہنا ہے کہ تمام مساجد کی انتظامیہ کوہدایت کردی گئی ہے کہ وہ رمضان المبارک کے دوران  اس امر کا خاص خیال رکھیں۔ 

 

شیئر: