Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی ریاست کیلی فورنیا میں گھر سے اسلحے کا ذخیرہ برآمد

امریکی ریاست کیلی فورنیا میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک گھر سے ایک ہزار ہتھیار برآمد کیے ہیں جن میں خود کار اسلحہ بھی شامل ہے ۔ اس واقعہ میں ایک 57 سالہ شخص کو بھی گرفتار کیا گیا جس کو بعد ازاں 50 ہزار ڈالرز کی ضمانت کرانا پڑی۔
امریکی اخبار لاس اینجلس ٹاٹمز کے مطابق پولیس نے ایک نامعلوم ٹیلی فون کال پر لاس اینجلس شہر کے علاقے شمالی بیورلے گلین بلوارڈ کے ایک مکان پر چھاپہ مارا ۔
 اخبار کے مطابق پولیس دیگر اداروں کی معاونت سے جب صبح چار بجے 5 بیڈ رومز پر مشتمل مکان میں داخل ہوئی تو اسے غیر متوقع صورت حال کا سامنا کرنا پڑا ۔ گھر کے کمروں میں ہر طرف بندوقیں بکھری پڑی تھیں ۔ 
حکام کا کہنا ہے کہ 30 سکیورٹی اہلکاروں نے مسلسل 12 گھنٹوں کی تگ و دو کے بعد مکان کے مختلف کمروں سے بندوقیں، پستول اور دیگر خود کار ہتھیار اکھٹے کر کے ان کی فہرست ترتیب دینے کی کوشش کی ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گھر میں موجود شخص جیراڈ سائنز کو کیلی فورنیا کے اسلحہ رکھنے کے قوانین کی خلاف ورزی اور ممنوعہ ساخت کی بندوقیں رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ۔
پولیس کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحے میں جدید خود کار ہتھیار اور 50 بور کی مشین گنز شامل ہیں ۔
کیلی فورنیا کے قوانین کے تحت مخصوص حالات کے علاوہ جدید خودکار ہتھیاروں اور 50 بور کی مشین گن کی تیاری، فروخت اور منتقلی پر پابندی ہے۔  
 حکام کے مطابق جیراڈ سائنز نے یہ اسلحہ فروخت کرنے کے لیے گھر کے مختلف حصوں میں چھپا رکھا تھا۔ 

لاس اینجلس پولیس کے لیفٹیننٹ کرس ریمرائز نے موقع پر موجود رپورٹرز کو بتایا کہ اسلحے کا ذخیرہ ٹرک میں ڈال کر گھر سے منتقل کر دیا ہے جسے ثبوت کے طور پر عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔
لیفٹیننٹ کرس ریمرائز کا کہنا تھا کہ یہ بہت بڑا ذخیرہ ہے۔ ’یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ کوئی شخص اسلحے کا اتنا بڑا ذخیرہ کس طرح اپنے گھر میں جمع کر سکتا ہے۔‘
پولیس نے اسحلہ برآمد کرنے کے بعد معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے ۔
فیڈرل لا انفورسمنٹ آرگنائزیشن کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جیراڈ سائنز فیڈرل لائسنس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے گھر میں ممنوعہ بور کا اسلحہ لائسنس فروخت کر رہا تھا۔
گرفتار ہونے والے جیراڈ سائنز کو 50 ہزار ڈالرز کے مچلکے جمع کرانے کے بعد ضمانت پر رہا کیا گیا ۔

اسلحہ ساز گھر کس کی ملکیت ہے؟

لاس اینجلس میں جائیداد کا ریکارڈ رکھنے والے محکمے کے مطابق جس گھر سے اسلحہ برآمد ہوا وہ گھر بزنس ٹائیکون گورڈن گیٹی کی پارٹنر سنتھیا بیک کی ملکیت ہے۔ سنتھیا بیک کی گورڈن گیٹی سے تین بیٹیاں بھی ہیں۔
سنتھیا بیک نے یہ گھر جنوری 2001 میں خریدا تھا تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ان واقعات سے سنتھیا کا کوئی تعلق ہے یا نہیں ۔
بزنس ٹائیکون گورڈن گیٹی اور سنتھیا بیک سنہ 1999 میں اس وقت خبروں میں آئے جب یہ راز افشا ہوا کہ گیٹی نے ایک ہی شہر میں رہتے ہوئے دو شادیاں کر رکھی ہیں اور دوںوں کو خفیہ رکھنے میں طویل عرصے تک کامیاب رہے۔

 ریکارڈ کے مطابق حالیہ برسوں میں سنتھیا بیک نے لاس اینجلس اور سان فرانسسکو میں کئی جائیدادیں خریدیں ۔ انہوں نے چند جائیدادیں جیراڈ سائنز کے ساتھ مل کر بھی خریدیں۔
یہ بھی واضح نہیں ہو سکا کہ آیا بیک اسی گھر میں ہی رہتی ہیں جہاں سے اسلحہ برآمد ہوا یا نہیں ۔ لاس اینجلس ٹائمز کے مطابق بیک کا موقف معلوم کرنے کے لیے ان سے رابطہ نہیں ہو سکا ۔د
ضمانت پر رہائی پانے والے سائنز 1994 سے ایک لائسنس یافتہ بلڈنگ کنٹریکٹر ہیں اور 1990 کی دہائی کے شروع سے سان ڈیاگو میں کاروبار کرتے ہیں ۔
ریکارڈ کے مطابق سائنز لینڈ سکیپ ڈیزائننگ اور ماحولیاتی فن تعمیر کے کاروبار سے وابستہ ہیں ۔

سائنز کو سنہ 2017 میں آتشیں اسلحہ رکھنے کے الزام میں گرفتار بھی کیا گیا تھا تاہم الزام لگانے والوں نے اس معاملے کی پیروی نہیں کی۔ سائنز کو چند ماہ حراست میں رکھنے کے بعد پولیس نے رہا کر دیا تھا ۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق سائنز 1990 کی دہائی میں سان ڈیاگو میں اپنی سابق اہلیہ کے ساتھ رہائش پذیر تھا اور بعد میں لاس اینجلس منتقل ہو گیا ۔
سائنز کے ہمسایوں کا کہنا ہے کہ جس گھر سے وہ گرفتار ہوئے وہاں عام طور پر خاموشی رہتی ہے ۔

شیئر: