Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 مملکت، سکیورٹی فورسز کی کارروائی،8دہشت گرد ہلاک

 سعودی عرب کی قطیف کمشنری کے تاروت قصبے میں سیکیورٹی فورسز نے 8 رکنی دہشتگردگروہ کو ہلاک کردیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی نے ادارہ قومی سلامتی کے ترجمان کے حوالے سے تاروت قصبے میں ہونے والی کارروائی کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہفتے کی صبح حساس اداروں کو اطلاع ملی تھی کہ القطیف کمشنری کے قصبے تاروت کے علاقے سنابس کے ایک فلیٹ میں قانون کو مطلوب دہشتگرد مقیم ہیں جہاں انہو ں نے اپنا عارضی ٹھکانہ قائم کر رکھا ہے ۔
اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی اہلکار وں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے کی جانب سے دہشتگردوں کو ہتھیار پھینک کر خود کو قانون کے حوالے کرنے کا کہا گیا مگر دوسری جانب سے جواب فائرنگ سے دیا گیا جس کے بعد اہلکاروں نے پوزیشن سنبھال لی ۔ ترجمان نے بتاگیا کہ سیکیورٹی اہلکاروں کو انتہائی محتاط انداز میں کارروائی کرنا تھی کیونکہ جس علاقے میں دہشتگردوں نے اپنا ٹھکانہ بنایا تھا وہاں عام لوگ بھی مقیم تھے ۔ یہ اندیشہ تھا کہ کہیں کوئی راہگیر فائرنگ کی زد میں نہ آجائے ۔ 

سیکیورٹی اہلکارو ں نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت دیتے ہوئے جامع انداز میں کارروائی کی 8 دہشتگرد مارے گئے جبکہ کوئی سیکیورٹی اہلکار ، راہگیر اور شہری زخمی نہیں ہوا ۔
 سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق متعلقہ ادارہ واقعہ کی وسیع پیمانے پر تحقیقات کررہے ہیں جس کے بعد مزید معلومات جاری کی جائیں گی ۔ 
واضح رہے 21 اپریل ریاض شہر سے 250کلو میٹر دور الزلفی صوبے میں حساس اداروں کی چیک پوسٹ کے قریب سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشتگردی کی بڑی کارروائی کو ناکام بنا دیا تھا جس میں چاروں حملہ آور ہلاک ہو گئے تھے ۔ دہشتگردوں کا تعلق داعش سے تھا ۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے ہلاک دہشتگردوں کے عارضی ٹھکانے کا سراغ لگا کر وہاں سے بڑی تعدادمیں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کر لیا تھا ۔ 
دہشتگردوں کے عارضی ٹھکانے جو انہو ںنے الریان علاقے کے ایک فارم ہاوس میں قائم کر رکھا تھا سے ایک دہشتگرد کا وصیت نامہ بھی ملا تھا جس میں اس نے اپنے اہل خانہ کو وصیت کی تھی کہ اس کے ذمہ فلاں فلاں افراد کی رقم ہے جو انہیں ادا کردی جائے ۔ٹھکانے سے خودکش جیکٹس اور دیسی ساختہ بم بنانے کا سامان بھی بڑی مقدار میں برآمد ہوا تھا ۔
 8اپریل کو مملکت کے مشرقی صوبے میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے مابین ہونے والے مقابلے میں 2 دہشتگرد مارے گئے تھے جو ماضی میں القطیف کمشنری میں ہونے والے دہشتگردی کی کارروائی میں ملوث رہے چکے تھے ۔ 

شیئر: