Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصری شہری کی شکایت: 'بیوی مجھے جوتوں سے پیٹتی ہے'

کویت میں مقیم ایک مصری شہری نے اپنی بیوی کی جانب سے مبینہ تشدد کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرا دی ہے۔
مصری شہری کا کہنا ہے کہ اس کی بیوی اسے زدوکوب کرتی ہے، ماضی میں متعدد مرتبہ جسمانی تشدد کی وجہ سے اسے چوٹیں بھی آئیں جن کے نشان اب تک موجود ہیں۔
کویتی اخبار ’الرای‘ کے مطابق مصری شوہر نے اپنے دعوے میں کہا کہ گھریلو اختلافات کی وجہ سے تلخ کلامی ہوئی جس پر بیوی اشتعال میں آگئی اور مکوں، گھونسوں اور جوتوں سے اسے مارا، اس کے بعد ڈنڈوں سے بھی ان پر تشدد کیا اور اسے لہو لہان کر دیا۔
پولیس نے شوہر کی شکایت درج کرنے سے قبل اسے ہسپتال منتقل کیا تاکہ اسے ایک طرف طبی امداد پہنچائی جا سکے اور دوسری جانب دعویٰ دائر کرنے کے لیے میڈیکل رپورٹ حاصل کی جائے۔
عرب ممالک میں شوہروں کی پٹائی کرنے کی شرح سب سے زیادہ مصر میں پائی جاتی ہے۔ مصر کے خاندانی امور نمٹانے والی عدالت کی جانب سے جاری ہونے والے اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ طلاق اور خلع کے مجموعی کیسز میں 66 فیصد کیس ایسے ہیں جن میں شوہروں نے طلاق کی وجہ بیوی کی طرف سے ان کی پٹائی بتائی ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق دنیا بھر میں مصر ان ممالک میں سرفہرست جہاں خواتین شوہروں کی پٹائی کرتی ہیں۔

دنیا بھر میں مصر ان ممالک میں سرفہرست جہاں خواتین شوہروں کی پٹائی کرتی ہیں

شادی شدہ جوڑوں میں مجموعی طور پر 28 فیصد ایسے جوڑے ہیں جن میں بیوی اپنے شوہر کی کسی نہ کسی حد تک پٹائی کرتی ہے۔ اس فہرست میں امریکہ دوسرے نمبر پر جبکہ برطانیہ تیسرے نمبر پر ہے۔
مصری عدالت کا کہنا ہے کہ شوہر کی پٹائی میں خواتین عام طور پر گھریلو اشیاء کا استعمال کرتی ہیں جبکہ بعض حالات میں بیویاں زور سے شوہر کو کاٹتی بھی ہیں۔
نفسیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ مصر میں شوہروں کی پٹائی کرنے والی خواتین کے گھریلو حالات کا جائزہ لیا گیا تو معلوم ہوا کہ اس کی بنیادی وجہ شوہر کی شخصیت میں کمزوری ہے۔
بیوی شوہر سے سماجی، معاشی یا تعلیمی اعتبار سے زیادہ قابلیت رکھنے والی ہو گی تو نفسیاتی طور پر شوہر اس کے دباﺅ میں آجائے گا۔ گھریلو معاملات بیوی کے حوالے کرنے سے بھی شوہر کی شخصیت کمزور ہو جاتی ہے۔
نفسیاتی ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ گھر دو پہیوں پر چلنے والی گاڑی کی طرح ہے۔ میاں بیوی میں سے ہر ایک کا اپنا کردار ہے جسے ادا کرنے سے گھریلو معاملات درست ڈگر پر چلتے رہیں گے۔

شیئر: