Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محمد عامر چکن پاکس کا شکار، ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک

اب چکن پاکس کی بیماری کے باعث عامر کی ورلڈ کپ کھیلنے کی اُمیدیں ختم ہوتی جا رہی ہیں
پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عامر کی آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کھیلنے کی امیدیں دم توڑتی نظر آرہی ہیں کیونکہ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق وہ چکن پاکس کا شکار ہو گئے ہیں۔
محمد عامر ورلڈکپ کے لیے اعلان کردہ پاکستان کے ابتدائی 15 رکنی سکواڈ کا حصہ نہیں ہیں تاہم سلیکٹرز کے مطابق انگلینڈ کے دورے میں اچھی کارکردگی کی بنا پر انہیں ورلڈ کب سکواڈ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔  
آئی سی سی کے قوانین کے مطابق ورلڈ کپ میں شامل ٹیمیں 23 مئی تک اپنے سکواڈ میں تبدیلی کر سکتی ہیں۔ تاہم اب چکن پاکس کی بیماری کے باعث عامر کے ورلڈ کپ کھیلنے کے امکانات معدوم ہوتے جا رہے ہیں۔
ہفتے کو سائوتھمپٹن میں کھیلے گئے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں محمد عامر بیماری کی وجہ سے نہیں کھیل سکے تھے۔ پاکستان کی ٹیم مینجمنٹ نے اس وقت کہا تھا کہ عامر وائرل انفیکشن کا شکار ہو گئے ہیں۔
پاکستان نے یہ میچ سنسی خیز مقابلے کے بعد 12 رنز سے ہار گیا تھا۔

2017 کی چیمپئینز ٹرافی کے فائنل کے بعد سے محمد عامر آوٹ آف فارم ہیں

ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق عامر چکن پاکس کی بیماری لاحق ہونے کی وجہ سے اس وقت لندن میں ٹیم کی بجائے اپنی فیملی کے ساتھ ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ یا لندن میں موجود ٹیم مینجمنٹ نے ابھی تک عامر کی بیماری کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا ہے۔ یہ بات بھی واضح نہیں کہ عامر ورلڈ کپ سے پہلے مکمل طور پر فٹ ہو پائیں گے یا نہیں۔
پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز کے اب صرف تین میچ باقی ہیں جو کہ اس ہفتے منگل، جمعے اور اتوار کو کھیلے جائیں گے۔
اگر عامر انگلینڈ کے خلاف اتوار کو ہونے والے آخری ون ڈے میچ کے لیے فٹ نہیں ہوتے تو ان کی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم میں شمولیت بہت مشکل ہوگی۔
انگلینڈ کے خلاف پہلے میچ کے سکواڈ میں میں محمد عامر شامل تھے لیکن اوول والا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا جس کے باعث وہ بولنگ نہیں کروا سکے تھے۔
خیال رہے کہ 2017 کی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کے بعد سے محمد عامر آوٹ آف فارم ہیں اور گذشتہ پندرہ میچز میں صرف پانچ وکٹیں ہی حاصل کر پائے ہیں۔

شیئر: