Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رواں سیزن ریکارڈ کوہ پیماؤں کی ماؤنٹ ایورسٹ آمد متوقع

نیپال نے کوہ پیمائی کے لیے 378 پرمٹس جاری کیے ہیں
نیپال کے آٹھ کوہ پیما منگل کو دنیا کے سب سے اونچے پہاڑ ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی پر پہنچ چکے ہیں جبکہ ماؤنٹ ایورسٹ پر آئندہ چند ہفتوں میں ریکارڈ کوہ پیماؤں کی آمد متوقع ہے۔
نیپال نے رواں سال موسم بہار کے کوہ پیمائی سیزن کے لیے ریکارڈ 378 پرمٹس جاری کیے ہیں اور ہر ایک پرمٹ 11 ہزار ڈالرز کے عوض جاری کیا گیا۔   
ماؤنٹ ایورسٹ آنے والے 750 کوہ پیماؤں کو مقامی گائیڈز کی خدمات حاصل ہوں گی اور وہ آئندہ آنے والے ہفتوں میں 8850 میٹر بلند پہاڑی چوٹی پر پہنچیں گے۔
ہر سال اپریل کے آخر سے مئی کے آخر تک بڑی تعداد میں کوہ پیما ماؤنٹ ایورسٹ جانے کے لیے نیپال آتے ہیں۔
گذشتہ برس 807 کوہ پیما ماؤنٹ ایورسٹ پر پہنچے، جن میں سے 563 کوہ پیما جنوب سے اور 244 کوہ پیما شمال کی سمت میں تبت کے راستے پہنچے۔
ماؤنٹ ایورسٹ پر کوہ پیمائی کے دوران پانچ کوہ پیما جان سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، ان میں نیپال کا تجربہ کار گائیڈ بھی شامل تھا جو ہیلی کاپٹر کے ریسکیو آپریشن کے دوران کھائی میں جا گرا۔
کوہ پیماؤں کے گائیڈ اسواری پوڈل نے ’اے ایف پی‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سال ماؤنٹ ایورسٹ پر کوہ پیمائی مشکل ہو گی اور ہم اس بارے میں فکر مند بھی ہو رہے ہیں۔ موسم کی بہتری کے بعد فی الحال آٹھ کوہ پیما ماؤنٹ ایورسٹ  کی چوٹی پر پہنچنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
رواں برس اپریل میں صفائی کرنے والی ٹیم نے ماؤنٹ ایورسٹ سے تین ٹن کچرا اٹھایا جو کوہ پیما وہاں پھینک گئے تھے۔
 1953 میں نیوزی لینڈ کے سرایڈمنڈ ہلری اور نیپال کے تینزنگ نارگے کی جانب سے ماؤنٹ ایورسٹ کو پہلی بار سر کیا گیا۔ اس کے بعد سے کوہ پیماؤں کی تعداد میں اضافے کے باعث نیپال میں کوہ پیمائی ایک منافع بخش کاروبار بن چکا ہے۔

شیئر: