Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراٹے بلیک بیلٹ خاتون جو اپنا ایک میگزین بھی چلا رہی ہیں

لمبی، دبلی پتلی اور پرکشش سعودی خاتون نہاد سلیمانی کراٹے میں بلیک بیلٹ حاصل کرنے والی کوئی عام خاتون نہیں۔ ان کی ساری زندگی مختلف سپورٹس کھیلتے ہوئے گزری ہے اور وہ خواتین کی باسکٹ بال ٹیم کی کیپٹن بھی رہ چکی ہیں۔
اپنے بچپن کو یاد کرتے ہوئے نہاد سلیمانی بتاتی ہیں کہ ’میں نے اپنی زندگی کے ابتدائی سال اپنے والدین کے ساتھ سعودی عرب سے باہر رہ کر گزارے۔ میرے والدین نے سکول میں میری سرگرمیوں کا نوٹس لیتے ہوئے مشورہ دیا کہ مجھے سپورٹس میں حصہ لینا چاہیے۔ آٹھ برس کی عمر میں میرے اندرجو بیج بویا گیا اس کی وجہ سے آج میں کھیلوں سے پیار کرتی ہوں۔‘
آج کے ڈیجیٹل دورمیں سپورٹس بہت ضروری ہے اوراس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے سعودی حکومت نے اپنے ویژن 2030 پروگرام کے تحت 2017 میں سرکاری سکولوں میں فزیکل ایجوکیشن کو شامل کیا۔
سعودی حکومت نے خواتین کی کھیلوں میں حوصلہ افزائی کے لیے شہزادی ریما بنت بندر کو سعودی فیڈریشن فار کمیونٹی سپورٹس کا سربراہ بنایا ہے۔
’عرب نیوز‘ کے مطابق نہاد سلیمانی 2014 سے کوچ راوان زہران کے ساتھ ٹریننگ کر رہی ہیں جو ایک پیشہ ور ٹرینر ہیں اور سویٹ آرمی جم کے بانی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ امریکی ٹرینر ایلکسیا کلارک کے ساتھ بھی تربیت کرتی ہیں۔
کراٹے میں بلیک بیلٹ حاصل کرنے کے علاوہ نہاد سلیمانی سعودی خواتین کی باسکٹ بال ٹیم کی کپتان بھی رہ چکی ہیں جو سعودی خواتین کی پہلی ٹیم تھی جس نے جدہ کے الجواہرہ سٹیڈیم میں میچ کھیلا۔
نہاد سلیمانی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ’میں نوجوان لڑکیوں کو بتاتی ہوں کہ اگر وہ تندرست جسم اور دماغ چاہتی ہیں تو ورزش بہت ضروری ہے اور صحت مند خوراک بھی اسی کاوش کا حصہ ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ورزش کی افادیت کو بڑھانے کے لیے اچھی جگہ کا انتخاب بھی بہت ضروری ہے:’دن کے وہ اوقات جب موسم قدرے ٹھنڈا ہوتا ہے تو جدہ میں کرونچے کے ساحل پر چہل قدمی اورجاگنگ کرنا اچھا لگتا ہے۔‘
سعودی عرب میں خواتین کے لیے بہت زیادہ جم اور کھیلوں کے میدان ہیں، لہذا ورزش نہ کرنے یا جسمانی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہونے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
سعودی خواتین اولمپکس میں حصہ لے چکی ہیں اور مختلف کھیلوں کی بانی رہی ہیں۔ حتٰی کہ سعودی عرب میں کار ریسر ریما جفالی بھی ہیں جنہوں نے 2019 میں برطانیہ میں منعقد ہونے والی ایف 4 برٹش چیمپین شپ میں سعودی عرب کی نمائندگی کرکے تاریخ رقم کی تھی۔
بلیک بیلٹ نہاد سلیمانی کا کہنا ہے کہ وہ لوگوں کو ورزش کرنے میں مدد دینے کے لیے سوشل میڈیا کا بھی استعمال کرتی ہیں جہاں وہ اپنی ویڈیوز میں ورزش کرنے کے طریقے بتاتی ہیں۔
وہ اپنا ایک میگزین بھی چلا رہی ہیں جس کے ذریعے وہ ماؤں اور بچوں کی صحت اور فٹنس کے لیے حوصلہ افزائی کرتی ہیں۔

شیئر: