Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغان فلم انڈسٹری کی پہلی خاتون ڈائریکٹر جنرل کو انجلینا جولی کی مبارک باد

صحرا کریمی افغان سرکاری فلم انڈسٹری کی پہلی ڈائریکٹر جنرل
مشہور اداکارہ، فلمساز اور انسانی حقوق کی کارکن انجلینا جولی نے افغان فلمسازصحرا کریمی کو افغانستان کی سرکاری فلمی صنعت ’افغان فلم‘ کی پہلی خاتون ڈائریکٹر جنرل مقرر ہونے پرمبارک باد دی ہے۔
جولی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’میں کریمی کو ان کی تاریخی تقرری پر مبارک باد دیتی ہوں۔ مجھے امید ہے کہ یہ دنیا کے ساتھ افغان کلچر اور کہانیاں شیئر کرنے کے باب کا آ غاز ہوگا۔‘
افغان نیوز ایجنسی ’خامہ پریس‘ کے مطابق جولی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ کریمی کی تقرری افغان خواتین کے ٹیلنٹ، مشکل حالات کا سامنا کرنے کی صلاحیت اور قابلیت کی یاد دہانی ہے۔ ’افغان خواتین میرے اور دنیا بھر کے دوسرے لوگوں کے لیے امید اور حوصلے کا پیغام ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ میں افغانستان کے بہادر فنکاروں، صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنان کو سلام پیش کرتی ہوں۔
افغانستان کے انڈیپنڈنٹ ایڈمنسٹریٹیو ریفارم اینڈ سول سروس کمیشن نے بدھ کو اعلان کیا تھا کہ صحرا کریمی کو افغانستان کی سرکاری فلم انڈسٹری ’افغان فلم‘ کی ڈائریکٹر کے طور پر مقرر کر دیا گیا ہے۔ 


جولی نے کہا کہ وہ افغانستان کے بہادر فنکاروں، صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنان کو سلام پیش کرتی ہے۔

کمیشن کے سربراہ نادر نادری کے مطابق کریمی کی تقرری شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر ہونے والے پراسیس کے بعد ’افغان فلم‘  کی ڈائریکٹر جنرل کے طور پرہوئی ہے۔
خیال رہے افغان فلم کی بنیاد 1968 میں رکھی گئی تھی جس نے افغانستان میں فلمی صنعت کے فروع میں اہم کردار ادا کیا۔
ایران میں پیدا ہونے والی صحرا کریمی ایک نوجوان افغان فلم ساز ہیں جنہوں نے اپنی ماسٹر اور ڈاکٹریٹ کی ڈگریاں ’فکشن فلم ڈائریکٹنگ اور سکرین رائٹنگ‘ میں ’اکیڈمی آف میوزک اینڈ پرفارمنگ آرٹ‘ سے بالترتیب 2009 اور 2012 میں حاصل کیں۔
کریمی اپنی ہدایت کاری میں بننے والی کئی فلموں کے لیے بین الاقوامی ایوارڈ حاصل کر چکی ہیں جن میں ’افغان وومن بیہائینڈ دی وِیل‘ بھی شامل ہے۔

شیئر: