Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایگزٹ پول،مودی دوبارہ برسراقتدار آسکتے ہیں

انڈیا  میں سات مرحلوں میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے بعد ایگزٹ پول جاری کردیا گیا۔ وزیراعظم نریندر مودی کے  بآسانی سادہ اکثریت حاصل کر نے کا امکان  ظاہر کیا جا رہا ہے۔  یوپی جیسی مشکل ریاستوں میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کے  باجود مودی کی قیادت میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس( این ڈی اے) دوبارہ حکومت بنانے میں کامیاب ہو سکتا ہے۔  
 یاد رہے کہ مودی کو انتخابی مہم کی ابتدا میں روزگار کی فراہمی اوردیگرعوامی مسائل کے حل میں ناکامی  پر تنقید کا سامنا رہا  تاہم  ایگزٹ پول نتائج  بہتری کی طرف اشارہ کر رہے ہیں ۔

احمد آباد میں لوگ ٹی وی پر ایگزٹ پول دیکھ رہے ہیں

     انڈیا ٹوڈے کے ایگزٹ پول میں مودی کی زیر قیادت نیشنل ڈیموکریٹس الائنس کو لوک سبھا کی 554 نشستوں میں سے339 سے 365نشستیں ظاہر کی گئی ہیں جبکہ کانگریس کی  سربراہی میں اپوزیشن اتحاد77 سے 108نشستیں لے سکتا ہے۔   نیوز نیشن نے بی جے پی اور اتحادیوں کو 282 سے 290 نشستیں، کانگریس اور اتحادیوں کو 118 سے 126 سیٹیں اور دیگر جماعتوں کو 130- 138 نشستیں ملنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ’نیوز 18‘ کے سروے میں این ڈی اے کو 292 سے 312 نشستیں ، یو پی اے کو 62 سے 72 نشستیں اور 102 سے 112 نشستیں دی گئی ہیں۔ پیس ریسرچ کے سروے کے مطابق این ڈی اے 231 ، یو پی اے 152 اوردیگر جماعتیں 159 نشستیں حاصل کر رہی ہیں۔
  واضح رہے کہ انڈیا میں ووٹوں کی گنتی کا عمل جمعرات سے شروع ہو گا۔ ابتدائی نتائج  کا اعلان اسی دن متوقع ہے۔  لوک سبھا میں سادہ اکثریت کے لئے 272 نشستیں درکار ہیں۔2014 کے انتخابات میں مودی کی زیر قیادت الائنس نے336 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔

انتخابات کے آخری مرحلے میں ووٹنگ مشین سیل کی جا رہی ہے

   کانگریس کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ایگزٹ پول سروے صرف ایک اندازہ ہے ۔ اس سے پہلے کئی مرتبہ ایگزٹ پول غلط ثابت ہوا ہے۔  کانگریسی ترجمان نے دہلی اسمبلی انتخابات کے ایگزٹ پول کی مثال دی اور کہا کہ اس وقت ایگزٹ پول میں بی جے پی کو 23 سے 39 نشستیں دی گئی تھیں لیکن اسے صرف 3 نشستیں ملیں۔ دوسری طرف بی جے پی کے ترجمان سید شاہنواز حسین نے ایگزٹ پول کو درست بتایا اور کہا  کہ انتخابی نتائج آنے پر پارٹی کو اس سے بھی زیادہ سیٹوں پر کامیابی ملے گی۔
 

شیئر: