Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم کی نااہلی :درخواست سماعت کے لیے مقرر

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ہائیکورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے لیے دائر درخواست کو آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پیر کو لاہو ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے مقدمے کو جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی دائر متفرق درخواست کی سماعت کے بعد یہ حکم جاری کیا۔ 
وزیراعظم کی نااہلی کے لیے درخواست لائرز فاؤنڈیشن فار جسٹس نے دائر کر رکھی ہے۔ درخواست میں وفاقی حکومت اور وزیراعظم عمران خان کو فریق بنایا گیا ہے۔
لاہور میں ’اردو نیوز‘ کے نامہ نگار رائے شاہنواز کے مطابق وکیل اے کے ڈوگر کے توسط سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کے دور حکومت میں عمران خان نے سول نافرمانی کے لیے لوگوں کو اکسایا۔ درخواست گزار کے مطابق عمران خان نے عوام کو ٹیکس نہ دینے اور بیرون ملک سے رقوم نہ بھیجنے کی ترغیب دی۔ 
لائرز فاؤنڈیشن فار جسٹس نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ عمران خان نے حامیوں سمیت پارلیمنٹ کی عمارت پر دھاوا بولا اور اور گیٹ توڑے ۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان نے ملکی سالمیت کے خلاف اقدامات کیے اورانہوں ملکی سیاسی نظام کو تباہ کرنے کی کوشش کی۔ 
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو آرٹیکل 62 ون جی کے تحت نااہل کیا جائے۔

شیئر: