Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'مکی آرتھر کی فکر چھوڑیں، سائنس پر دھیان دیں'

باب وولمر 2007ء کے ورلڈکپ کے دروان اپنے کمرے میں مردہ پائے گئے تھے
پاکستان کے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے جب سے وزارت سنبھالی ہے، سوشل میڈیا صارفین کے ریڈار پر ہیں۔
ان کے بارے میں طرح طرح کے میمز شیئر کیے جا رہے ہیں جس سے سوشل میڈیا پر قہقہوں کا طوفان برپا ہے۔
اب ایک بار پھر وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے اپنے ایک تازہ ٹویٹ سے صارفین کو طنز و مزاح کا موقع دے دیا ہے۔
پاکستان کو ورلڈ کپ وارم اپ میچ میں افغانستان کے ہاتھوں شکست ہوئی تو فواد چوہدری نے انوکھا ردعمل دیا۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’مجھے تو مکی آرتھر کی فکر ہے، ابھی باب وولمر کا غم نہیں بھولے۔‘

یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز میں ہونے والے کرکٹ ورلڈکپ 2007 میں پاکستانی کی آئرلینڈ کے ہاتھوں شرمناک شکست اور ورلڈکپ سے باہر ہونے کے بعد وولمر 18 مارچ کو اپنے ہوٹل کے کمرے میں مردہ پائے گئے تھے۔
ان کی موت کیسے ہوئی یہ اب تک ایک معمہ ہے اور اس سلسلے میں تفتیش جاری ہے۔
فواد چوہدری کے اس ٹویٹ کے جواب میں سوشل میڈیا صارفین بھی طنز و مزاح سے بھرپور ٹویٹس کرنے لگے۔
سیف آفریدی نامی صارف نے لکھا کہ ’آپ مکی آرتھر کی فکر نہ کریں سائنس و ٹیکنالوجی پر دھیان دیں۔‘
ایک اور صارف عمر ایاز خان نے لکھا’مکی آرتھر کو چھوڑونیازی کی فکر کر کروعید کے بعد تم سب کی چھٹی ہونے والی ہے۔‘
حسن خان نامی صارف نے ٹویٹ کی کہ ’ہمیں بھی آپ کی فکر ہے، ابھی تو ہم اسد عمر والا غم نہیں بھولے۔‘
طارق رحیم نامی صارف نے چٹکلہ چھوڑا کہ ’سر کوئی سائنسی طریقہ ہو ورلڈکپ جیتنے کا تو برائے مہربانی ٹیم تک ضرور پہنچائیے گا۔‘
رضوان ساجد تحریک انصاف کی خراب کارکردگی پر خوب غصہ نکالتے ہوئے لکھا کہ ’یہ بھی ڈال دو گذشتہ حکومتوں پر۔‘
میاں محمد عظیم نے ٹویٹ کی کہ ’جناب ایسا ہی ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانے کے بعد بھی ٹینشن لگ گئی تھی مگر ڈھٹائی کے ساتھ آئی ایم ایف گئے، آپ کو فکر نہیں کرنی چاہیے کیونکہ یہ نیا پاکستان ہے۔‘
ایک اور صارف رشی مہر نے پوچھا ’آج کی ہار کا غم زیادہ ہے یا وزارت چھن جانے کا؟‘
عمران قیصرانی نے طنز کرتے ہوئے لکھا ’سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا منسٹر نیشنل کرکٹ ٹیم کا مورال بلند کرتے ہوئے۔‘
کچھ صارفین تو فواد چوہدری کے بیان سے خوب محظوظ ہوئے، علی بیگ نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ’آج کی ہار کے بعد بالآخر مجھے ہنسنے کی وجہ مل ہی گئی، شکریہ فواد چوہدری۔‘
ایک اور صارف اعجاز بھٹہ نے ٹویٹ کیا کہ ’ویسے اطلاعات کی وزارت چھوٹنے کے بعد فواد بھائی کی حسِ مزاح ڈبل ٹرپل ہو گئی ہے۔‘
خیال رہے کہ انگلینڈ کے خلاف حالیہ مایوس کن سیریز کے بعد پاکستانی ٹیم نے اپنے ورلڈ کپ کے سفر کا آغاز بھی مایوس کن انداز میں کیا ہے اور اسے پہلے ہی وارم اپ میچ میں نسبتاً کمزور حریف افغانستان کے ہاتھوں 3 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

شیئر: