Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم کا نریندر مودی کو فون، کامیابی پرمبارکباد

وزیراعظم عمران خان کا نریندر مودی کو انتخابی کامیابی پر مبارک باد
پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے انڈین وزیر اعظم نریندر مودی کو فون کیا اور انہیں انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔
اپنے ٹویٹر بیان میں ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مودی کے ساتھ گفتگو میں اپنی اس خواہش کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک اپنے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں۔



عمران خان نے بھارتی وزیراعظم کو انتخابات میں کامیابی پر ایک ٹویٹ کے ذریعے مبارکباد بھی دی تھی ۔



عمران خان نے اپنے ٹویٹر  پیغام میں کہا کہ وہ بی جے پی اور اتحادیوں کی فتح پر وزیراعظم مودی کو مبارکباد دیتے ہیں۔عمران خان نے کہا تھا کہ وہ مودی کے ساتھ مل کر جنوب ایشیا میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے کام  کرنا چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ چند ہفتے قبل پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے یہ بھی کہا تھا کہ مودی کی فتح سے امن مذاکرات کے امکانات روشن ہو جائیں گے۔ غیرملکی صحافیوں سے گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ کانگریس اقتدار میں آئی تو وہ بی جے پی کے خوف سے مذاکرات سے ہچکچائے گی، بی جے پی الیکشن جیتی تو مسئلہ کشمیر پربھی مذاکرات کا امکان ہے۔
 بی جے پی کی حالیہ انتخابی فتح کے بعد ماضی میں اہم عہدوں پر خدمات انجام دینے والے پاکستان کے متعدد سینئیر ریٹائرڈ فوجی افسران کا 'اردو نیوز' کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انڈیا میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی کامیابی برصغیر کے لوگوں کی قسمت بدل سکتی ہے اور امن کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے۔
’اردو نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے پاکستانی فوج کے تین ریٹائرڈ جرنیلوں، جو اپنے وقت میں اہم عہدوں پر فائز رہے، نے کہا تھا کہ بی جے پی اس پوزیشن میں ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کر سکے۔
سابق سیکریٹری دفاع لیفٹینٹ جنرل (ریٹائرڈ) آصف یاسین ملک، ریٹائرڈ میجر جنرل اعجاز اعوان اور سابق ڈی جی آئی ایس پی آر ریٹائرڈ میجر جنرل راشد قریشی تینوں کا اس بات پر اتفاق تھا کہ انڈیا میں  کوئی با بصیرت بی جے پی قیادت ہی پاک بھارت تعلقات میں بہتری اور مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے کوئی جرات مندانہ قدم اٹھا سکتی ہے۔
 
 

شیئر: