Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’شاہ رخ اور عامر خان میرے مقابلے میں نہیں آتے‘

’حسِ مزاح میں شاہ رخ اور عامر خان میرے مقابلے میں نہیں آتے‘ ایسا کہنا ہے بالی وڈ کے دبنگ خان سلمان خان کا جو آج کل اپنی نئی فلم ’بھارت‘ کی پروموشن کے سلسلے میں خاصے مصروف ہیں۔ 
بالی وڈ میں سلّو بھائی کے نام سے پہچانے جانے والے سلما ن خان کی یہ نئی فلم عید کے موقع پر ریلیز ہوگی جس میں ان کے ساتھ بالی وڈ کی باربی ڈول کترینہ کیف جلوہ گر ہوں گی۔
ان دنوں دونوں ہی فلم کی پروموشن میں مشغول ہیں اور دھڑا دھڑ انٹرویوز دیتے نظر آرہے ہیں۔
ایک پروگرام کے دوران جب سلو میاں سے پوچھا گیا کہ بالی وڈ میں سینس آف ہیومر(حس مزاح) کس کے پاس ہے تو انہوں نے بڑا دلچسپ جواب دیا۔
پہلے تو انہوں نے کنگ خان کا نام لیا، لیکن پھر اپنا ہی نام لے لیا۔ خود اعتمادی ہو تو ایسی۔
بہر حال انہوں نے اس انٹرویو کے دوران اور بھی کئی دلچسپ جوابات دیے جس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ سلو میاں کا یہ دعویٰ غلط نہیں۔
اپنی نئی فلم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلم میں پہلے پرینکا چوپڑا ہیروئن تھیں ’لیکن انہوں نے عین وقت پر اپنی زندگی کی سب سے بڑی فلم چھوڑ دی جس کے لیے انہوں نے اتنے سال محنت کی اور شادی کر لی۔ ان کے حوصلے کی داد دیتا ہوں۔ عام طور پر لوگ اس کے لیے شوہر چھوڑ دیتے ہیں۔‘
فلم میں پرینکا چوپڑا کی جگہ کترینہ کیف نے لی جن کے بارے میں سلمان خان نے کہا کہ انہیں نیشنل فلم ایوارڈ ملنا چاہیے۔ انہوں نے کترینہ کیف کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ’یہ سوچ رہی ہیں کہ میں مذاق کر رہا ہوں لیکن ان کی طرح کوئی دوسرا ایسا نہیں سوچتا۔ میرے خیال میں ان کے قومی فلم ایوارڈ جیتنے کے ہزار فیصد چانسز ہیں۔‘
جب کترینہ فلم کے ہدایتکار علی عباس ظفر کے ساتھ کام کرنے سے متعلق اپنے تجربے کا بتا رہی تھیں تو سلمان نے بیچ میں ٹوک دیا اور بولے کہ ’پرینکا کا شکریہ ادا کرو۔‘

اس عید پر سلمان خان اور قطرینہ کیف کی فلم ’بھارت‘ ریلیز ہو رہی ہے

ایک دوسرے انٹرویو میں سلّو میاں سے فلم کے ایک مکالمے سے متعلق پوچھا گیا کہ ’جس نوکری کے لیے تم آئے اس کے لیے اتنے گيان (علم) کی ضرورت نہیں‘  تو انہوں نے کہا کہ مجھے تو کسی گیان کی ضرورت ہوتی ہے تو میں کترینہ کی طرف دیکھتا ہوں اوروہ یہ سمجھ جاتی ہیں کہ مجھے گیان کی ضرورت ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کس قسم کے گیان وہ ان سے حاصل کرتے ہیں تو کہنے لگے کہ ’ہر طرح کا گیان، مثلاً ناسا نے راکٹ کیسے بنائی، بھگوان نے انسان کیسے بنائے؟ روح کیا ہے؟ یہ سب جانتی ہیں۔‘
یہی نہیں جب کترینہ کیف سے پوچھا گيا کہ آپ انسٹا گرام پر سب سے تیزی سے مقبول ہونے والی اداکارہ ہیں تو انہوں نے کہا کہ وہ یہ اسی وقت مانیں گی جب سلمان خان ان کے فالوور ہوں۔
جس پر سلمان خان نے یہ موقع بھی ہاتھ سے جانے نہ دیا اور فوراً سے کہہ دیا کہ ’میں تو ان کو ہر جگہ فالو کرتا رہتا ہوں۔ ابھی ان کے گھر تک فالو کرتا ہوا جاؤں گا۔‘
سلمان کی فلم ’بھارت‘ پانچ جون کو ریلیز ہو رہی ہے اور یہ کورین فلم ’این اوڈ ٹو مائی فادر‘ سے  ماخوذ ہے، فلم میں سلمان خان پانچ مختلف انداز میں نظر آئیں گے۔

رنبیر کپور کا کسی بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کوئی مصدقہ اکاؤنٹ نہیں ہے

رنبیر کپور کی ’خفیہ سرگرمیاں‘ 
انسٹاگرام اور فالو کرنے کا ذکر ہوا ہے تو آپ کو بتاتے چلیں کہ سوشل میڈیا پر رنبیر کپور کی خفیہ سرگرمی بھی ان دنوں موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔
اداکار رشی کپور اور اداکارہ نیتو سنگھ کے بیٹے اداکار رنبیر کپور کا یوں تو انسٹاگرام پر آفیشل اکاؤنٹ نہیں ہے لیکن پھر بھی وہ خفیہ طور پر لوگوں کی سرگرمیوں پر پوری نظر رکھتے ہیں۔
جن بالی وڈ شخصیات پر وہ نظر رکھتے ہیں ان میں ان کی سابق گرل فرینڈز دیپکا پاڈوکون اور کترینہ کیف بھی شامل ہیں۔ 
’پنک ولا‘ نامی ویب سائٹ کے مطابق رنبیر کپور نے ایک تقریب میں یہ اعتراف کیا ہے کہ وہ اپنی گرل فرینڈ عالیہ بھٹ کے علاوہ بہت سے لوگوں کو فالو کرتے ہیں جن میں دیپکا اور ان کے شوہر رنویر سنگھ بھی شامل ہیں۔
رنبیر کپور کا کرینہ کپور کی طرح کسی بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کوئی مصدقہ اکاؤنٹ نہیں ہے تاہم کترینہ کیف نے ایک بار کہا تھا کہ رنبیر کپور انسٹاگرام پر موجود ہیں شاید کسی دوسرے نام سے۔
کترینہ سے جب پوچھا گیا کہ کیا ان کے پاس دوسروں کو سٹاک کرنے کے لیے کوئی دوسرا اکاؤنٹ بھی ہے تو انہوں نے کہا کہ ان کے پاس نہیں ہے لیکن رنبیر کے پاس ہے جنہوں نے انہیں سکھایا کہ انسٹاگرام کس طرح کام کرتا ہے۔
اس سے معلوم ہوتا ہے کہ رنبیر کپور اپنے بالی وڈ دوستوں کی سرگرمیوں سے پوری طرح باخبر ہیں، یہ الگ بات ہے کہ وہ اس بات کو خفیہ رکھتے ہیں۔  

شیئر: