Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی سپیکر کی درخواست مسترد، فیس بک کا ’جعلی‘ ویڈیو ہٹانے سے انکار

امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی۔ تصویر: اے ایف پی
امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی نے خود سے منسوب ویڈیو کو ہٹانے سے انکار پر فیس بک کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق نینسی پلوسی کی ایک ایڈٹ شدہ ویڈیو صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹ کی تھی جس میں ان کو پریس کانفرنس میں ایسے دکھایا گیا ہے جیسے وہ نشے میں ہوں۔
طاقتور ڈیموکریٹ سیاست دان نینسی پلوسی کی اس ویڈیو کو صدر ٹرمپ کے حامیوں نے بڑی تعداد میں سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔
نینسی پلوسی نے فیس بک سے رابطہ کرکے ویڈیو کو بلاک کرنے کی درخواست کی جو سوشل نیٹ ورک سائٹ نے مسترد کر دی۔
اے ایف پی کے مطابق نینسی پلوسی نے کہا کہ ’فیس بک کو معلوم ہے کہ ویڈیو جعلی ہے۔‘

فیس بک دنیا کے کروڑوں صارفین کی پسندیدہ سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ہے۔ تصویر روئٹرز
فیس بک دنیا کے کروڑوں صارفین کی پسندیدہ سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ہے۔ تصویر روئٹرز

پلوسی کے مطابق فیس بک کی جانب سے جعلی اور گمراہ کن ویڈیو لگانے کی اجازت دینے کے بعد سوشل سائٹ انتظامیہ کا وہ دعوٰی مشکوک ہو جاتا ہے جس میں اس نے کہا تھا کہ وہ الیکشن مہم میں ٹرمپ کو جتوانے کے لیے روس کی مداخلت سے بے خبر تھی۔
پلوسی نے کہا کہ ’میں سمجھتی ہوں کہ فیس بک کا جانتے بوجھتے ایک غلط ویڈیو نہ ہٹانا یہ ثابت کرتا ہے کہ وہ روس کے ہمارے الیکشن میں مداخلت میں اس کے ساتھ تھی۔‘
اے ایف پی کے مطابق فیس بک انتظامیہ فوری طور پر اس خبر پر تبصرے کے لیے دستیاب نہ ہوسکی۔ تاہم میڈیا رپورٹس میں فیس بک سے یہ بات منسوب کی گئی ہے کہ سائٹ انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ ویڈیو نیوز فیڈ میں ڈوب چکی تھی اور اس کو آزادانہ فیکٹ چیک کے بعد اس الرٹ کے ساتھ ٹیگ کرکے لگایا گیا کہ ’یہ غلط ہے۔‘
خیال رہے کہ فیس بک کے شریک بانی مارک زکربرگ کئی بار کہہ چکے ہیں کہ آزادی اظہار کی حدود کے لیے اصول حکومتوں اور معاشرے کو وضع کرنے چاہئیں نہ کہ فیس بک جیسی پرائیویٹ کمپنیوں کو۔
ادھر یوٹیوب نے ’اے ایف پی‘ کو بتایا ہے کہ اس نے نینسی پلوسی کی مذکورہ ’تیار کردہ‘ ویڈیو کلپ بلاک کر دیا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق ویڈیو کلپ کا بظاہر مقصد نینسی پلوسی کی ساکھ کو نقصان پہنچانا تھا۔
پلوسی نے کہا کہ وہ شراب نوشی نہیں کرتیں۔ ’اس کو چاکلیٹ کے ساتھ پیش کیا جا سکتا ہے، میں شراب نوشی نہیں کرتی۔ اس لیے ہر ایک اس پر ہنس رہا تھا۔ انہوں نے اس معاملے میں غلط شخص کو چنا۔‘

شیئر: