Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویتی خاتون کو غیر اخلاقی پیغامات بھیجنا مہنگا پڑ گیا

موبائل فونز پر اکثر انجان نمبر سے پیغامات موصول ہوتے ہیں جنہیں نظرانداز کر دیا جاتا ہے۔ لیکن بعض اوقات جب دھمکمی آمیز یا اخلاق باختہ پیغامات تواتر کے ساتھ موصول ہونے لگیں تو یہ پریشانی کا باعث بن جاتے ہیں اورانہیں نظرانداز کرنا ممکن نہیں ہوتا۔ ایسا ہی کچھ ریاض میں مقیم سعودی شہری کے ساتھ بھی ہوا جسے کویت کے موبائل نمبر سے غیر اخلاقی پیغامات موصول ہوئے۔
ریاض میں مقیم سعودی شہری کو اس وقت شدید کوفت کا سامنا کرنا پڑا جب ان کے موبائل پر غیر اخلاقی پیغام موصول ہوا۔ پہلے پہل تو انہوں نے اسے مذاق سمجھا مگر  جب تواتر کے ساتھ  ان پیغامات کا سلسلہ شروع ہوا تو وہ سٹپٹا کر رہ گیا۔
پیغام بھیجنے والے سے بات کرنے کے لیے اس نمبر پر کال ملائی مگر دوسری جانب سے فون ہی اٹینڈ نہ کیا گیا۔
اس کے بعد غیر اخلاقی ایس ایم ایس کا سلسلہ ختم ہونے کے بجائے مزید بڑھ گیا جس پرسعودی شہری نے کویت جانے کا فیصلہ کیا اور کویت پہنچ کر فوری طور پر پولیس ہیڈ آفس سے رابطہ کرکے اپنی شکایت سے آگاہ کیا۔


خاتون نے دوران تفتیش پیغامات ارسال کرنے کا اقرار کیا (فوٹو:اے ایف پی)

پولیس نے موبائل نمبر ٹریس کیا تو معلوم ہوا کہ یہ نمبر ایک خاتون کا ہے۔
کویتی اخبار’الرائی‘ کے مطابق سعودی باشندے کی شکایت پر کویتی تحقیقاتی اداروں نے موبائل کی مالکہ کو گرفتارکر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
کویتی ذرائع کا کہنا ہے کہ دورانِ تفتیش خاتون نے پیغامات ارسال کرنے کا اقرارکیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ ازراہ مذاق ایسا کر رہی تھیں، اس کی کچھ خاص وجہ نہیں تھی۔
خاتون کا کہنا تھا کہ وہ نہیں جانتی تھیں کہ جسے میسیج کر رہی ہیں وہ پریشان ہو کر کویت پہنچ جائے گا اور پولیس کی مدد لے گا۔
 

شیئر: