Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ساہیوال: ہسپتال میں اے سی بند ، آٹھ بچے ہلاک

صوبہ پنجاب کے شہر ساہیوال کے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں حکام کے مطابق ایئرکنڈیشنرز کی خرابی کے باعث گذشتہ 24 گھنٹوں میں آٹھ نومولود بچے ہلاک ہوئے ہیں۔
اس سے قبل ڈپٹی کمشنر ساہیوال میاں زمان وٹو نے بچوں کی ہلاکتوں کی تعداد تین بتائی تھی۔ تاہم ایڈیشنل سیکرٹری صحت رفاقت علی نے معاملے کی انکوائری کے بعد آٹھ بچوں کی ہلاکت کی تصدیق کی۔
ڈپٹی کمشنر کے دفتر سے جاری ہونے والے خط کے مطابق ’وہ بچوں کی اموات کی اطلاع سن کے ہسپتال پہنچے تو بچوں کے وارڈ میں اے سی بند ہونے کی وجہ سے غیرمعمولی درجہ حرارت تھا۔‘

ڈپٹی کمشنر کے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ہسپتال کے خالی کمروں میں اے سی چل رہے تھے اور بچوں کے وارڈز میں اے سی بند تھے۔
ڈپٹی کمشنر ساہیوال میاں زمان وٹو کے مطابق بچوں کے وارڈ کا اے سی گذشتہ ایک ماہ سے خراب تھا۔
پنجاب کے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارنے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ساہیوال کے چلڈرن وارڈ میں بچوں کے جاں بحق ہونے کے حوالے سے میڈیا پر نشر ہونے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت اور کمشنر ساہیوال ڈویژن سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزیراعلیٰ نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اس واقعہ کی جامع اور تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ’ایسا واقعہ کسی صورت قابل برداشت نہیں، اس واقعے پر پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں جاں بحق بچوں کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔‘

 

شیئر: