Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیلم منیر کی 'رانگ نمبر 2' اور مہوش حیات کی 'چھلاوہ' میں مقابلہ

رانگ نمبر 2 اور چھلاوہ کے لیے ایڈوانس بکنگ جاری ہے۔
اس عید الفطر پر پاکستان کے سینما گھروں میں سات فلمیں ریلیز ہوں گی جن میں دو اردو،  دو پنجابی اور تین پشتو فلمیں ہیں۔
اردو فلموں میں ’رانگ نمبر 2‘ اور دوسری ’چھلاوہ‘ ہے۔
رانگ نمبر 2 کے ہدایت کار یاسر نواز ہیں، اس فلم کے مرکزی کرداروں میں نیلم منیر اور سمیع خان ہیں جبکہ دیگر اداکاروں میں ثنا، دانش تیمور، یاسر، احمد حسن اور محمود اسلم ہیں۔ اسی طرح چھلاوہ میں حال میں تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی مہوش حیات مرکزی کردار ادا کریں گی۔
رانگ نمبر 2 اور چھلاوہ کے لیے ایڈوانس بکنگ جاری ہے۔ فلم ڈسٹری بیوٹر اور سینما مالک ندیم مانڈیوالہ نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں کامیڈی فلمیں ہیں اور پاکستانی سینما شائقین انٹرٹینمنٹ پسند کرتے ہیں۔


رانگ نمبر 2 اور چھلاوہ کامیڈی فلمیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلمی صنعت کے زوال کے بعد پاکستانی فلمیں 2013 سے بننا شروع ہوئیں۔
ندیم مانڈیوالہ کا کہنا تھا کہ ان کو امید ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ فلمیں بہتر ہو جائیں گی اور جتنی زیادہ فلمیں بنیں گی ان میں اتنی ہی بہتری نظر آئے گی۔
اس دفعہ عید پر پاکستان کے سینماؤں میں انڈین فلمیں نہیں ہوں گی جس کی وجہ پاکستان اور انڈیا کے مابین کشیدہ حالات ہیں۔ تاہم انگریزی فلمیں الہ دین، گاڈزیلا اور سیکرٹ لائف آف پیٹس بھی پاکستان میں ریلیز ہوں گی۔
اردو کے علاوہ اس عید الفطر پر سینما شائقین کے لیے دو پنجابی فلمیں ’شریکے دی اگ‘ اور ’پیشی گجراں دی‘ بھی ریلیز ہوں گی۔

 رانگ نمبر 2 کے مرکزی کرداروں میں نیلم منیر اور سمیع خان شامل ہیں
 رانگ نمبر 2 کے مرکزی کرداروں میں نیلم منیر اور سمیع خان شامل ہیں۔ فوٹو بشکریہ جیو فلمز

ان دونوں فلموں کے مصنف ناصر ادیب ہیں جبکہ دونوں فلموں کے مرکزی کرداروں میں معمر رانا، خوشبو اور معروف پنجابی اداکار سلطان راہی کے بیٹے حیدر سلطان شامل ہیں۔
عیدالفطر پر پشاور میں پشتو فلمیں بھی سینما کی زینت بنیں گی۔ عید پر تین پشتو فلمیں ریلیز ہوں گی۔
 
 
 

شیئر: