Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرکٹ ورلڈ کپ: حفیظ کی مونچھوں کا تاؤ اور کورٹل کا سیلوٹ

محمد حفیظ کا مونچھوں کو تاؤ دینے کا سٹائل کافی مقبول ہوا (فوٹو: اے ایف پی)
ورلڈ کپ کی وجہ سے کرکٹ کا دھوم دھڑکا ہر طرف جاری ہے، ہر کوئی اپنی پسندیدہ ٹیم کے جیتنے کے بعد جشن مناتا دکھائی دیتا ہے۔ ورلڈ کپ 2019 میں کھلاڑی اپنی بولنگ اور بیٹنگ کے ذریعے تو اپنی پہچان کروا ہی رہے ہیں مگر میدان میں کھلاڑیوں کے جشن منانے کا انداز بھی انہیں منفرد بناتا ہے۔
گذشتہ ورلڈ کپ مقابلوں میں بولرز بیٹسمین کو آؤٹ کرنے کے بعد جس جوش سے جشن مناتے تھے اس سے دونوں ٹیموں کے درمیان تلخی بڑھ جاتی تھی اور کھلاڑیوں میں ذاتیات کی جنگ چھڑ جاتی تھی۔ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی سی سی نے جشن منانے کے قوانین میں سختی کر دی تھی تاکہ کھیل کو کھیل سمجھ کر ہی کھیلا جائے۔
کھلاڑی بھی اس بات سے بخوبی واقف ہیں جس کے بعد اب کسی بھی کھلاڑی کو آؤٹ کرنے پر جشن منانے کا انداز بدل گیا ہے اور ایسے ایسے انداز اپنائے جا رہے ہیں جو شائقین کرکٹ کی دلچسپی کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کی پہچان بن جاتے ہیں۔
بات ہو رہی ہو کرکٹ میں کھلاڑیوں کے جشن منانے کے انداز کی تو اس ورلڈ کپ میں پاکستان کے محمد حفیظ اور ویسٹ انڈیز کے شیلڈن کورٹل کو کیسے نظرانداز کیا جا سکتا ہے۔ محمد حفیظ اپنی تھاؤ والی مونچھوں کے ساتھ اس ورلڈ کپ میں سامنے آئے ہیں۔ پاکستانی آل راؤنڈر وکٹ حاصل کرنے کے بعد اپنی مونچھوں کو تاؤ دیتے اور مخالف کھلاڑی کو مسکرا کر دیکھتے ہیں۔

پاکستانی آل راؤنڈر محمد حفیظ نے مونچھوں کو تاؤ دینے کا نیا انداز اپنایا ہے۔ فوٹو اے ایف پی 

ان کے ساتھ ساتھ ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی شیلڈن کوٹرل بھی نئے انداز کے ساتھ سامنے آئے ہیں۔ فاسٹ بولر کوٹرل جب بلے باز کو آؤٹ کرتے ہیں تو کسی فوجی اہلکار کی طرح چند قدم مارچ کر کے سیلوٹ کرتے ہیں۔ ان کا یہ منفرد انداز بھی سوشل میڈیا اور خبروں کی زینت بنا ہوا ہے۔

ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولر شیلڈن کوٹرل کے سیلوٹ کرنے کے انداز کو شائقین میں بہت مقبولیت ملی ہے۔

اس سے پہلے بھی کئی کھلاڑیوں کے جشن منانے کے انداز کو مقبولیت ملی ہے۔ پاکستان کے فاسٹ بولر حسن علی آؤٹ کرنے کے بعد 'جنریٹر سٹارٹ کرنے جیسا' انداز اپناتے ہیں۔ انہوں نے تو کھیل کے میدان سے باہر واہگہ بارڈر پر جا کر بھی روایتی انداز اپناتے ہوئے پڑوسی ملک کو اپنا جذبہ دکھایا جس کے بعد انہیں خوب تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
پاکستانی نژاد جنوبی افریقی سپنر عمران طاہر کا وکٹ حاصل کرکے خوشی منانا بھی نہایت دلچسپ ہے۔ عمران طاہر آوٹ کرنے کے بعد باؤنڈری کی جانب دوڑ لگا دیتے ہیں اور پھر شیر کی طرح دھاڑ کر دونوں بازوؤں کو کھولتے ہیں۔ ان کے اس انداز سے بھی شائقین خوب محظوظ ہوتے ہیں۔

شیئر: