Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ریلو کٹوں‘ کی بجائے سپیشلسٹ کھلاڑیوں کو کھلائیں

وزیر اعظم عمران خان نے پاک انڈیا میچ سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو ہدایت کی ہے کہ ’ریلو کٹوں‘ کے بجائے سپیشلسٹ بولروں اور بیٹسمینوں کو ٹیم میں کھلائیں کیونکہ ریلو کٹے دباؤ میں اچھا کھیل پیش نہیں کر سکتے۔
اپنے سوشل میڈیا پیغام میں عمران خان نے سرفراز احمد کو مشورہ دیا ہے کہ اگر پچ میں نمی نہیں تو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کریں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انڈیا اس میچ میں فیورٹ ضرور ہے لیکن ہار کا خوف دل سے نکال کر کھیلیں اور آخری بال تک لڑیں۔ اس کے بعد سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جو بھی نتییجہ ہو اسے قبول کریں۔ قوم کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ’میں کرکٹ کیرئیر کے آغاز میں سمجھتا تھا کہ ٹیلنٹ 70 فیصد اور 30 فیصد دماغی کھیل ہے۔ کیرئیر کے اختتام پر یہ تناسب 50 فیصد ہو گیا لیکن اب میں اپنے دوست سنیل گواسکر سے اتفاق کرتے ہوئے یہ کہوں گا کہ جیت کے لیے دماغ 60 فیصد جبکہ ٹیلنٹ 40 فیصد چاہیے ہوتا ہے۔‘
 انہوں نے کہا کہ آج کے میچ میں دونوں ٹیمیں شدید ذہنی دباؤ میں ہوں گی اور جو ٹیم اعصاب پر قابو پائے گی وہی فاتح بن کر ابھرے گی۔
وزیر اعظم نے کپتان سرفراز احمد کی تعریف بھی کی اور کہا کہ ’ہمارے پاس ایک جرات مند کپتان ہے۔ کپتان کو دلیری کے ساتھ آج اپنی بیٹنگ کرنا ہوگی۔ 
عمران خان کے بقول ہار کے خوف سے منفی اور دفاعی اسٹریٹیجی اور اہم موقعوں پر غلطیاں ہوتی ہیں اس لیے یہ خوف ذہن سے نکال دیں۔
دوسری طرف عمران خان کی ’ریلو کٹوں‘ والی بات پر سوشل میڈیا پر یہ بحث چھڑ گئی ہے کہ وزیر اعظم نے ٹیم میں کس ’ریلو کٹے‘ کی طرف اشارہ کیا ہے۔
 

شیئر: