Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ایسے کھلاڑیوں کو سپورٹ کرتے کرتے تھک چکے ہیں‘

سوشل میڈیا پر کپتان سرفراز اور دیگر کھلاڑیوں کی دلچسپ میمز وائرل ہوئی ہیں۔ تصویر: اے ایف پی
ورلڈ کپ میں انڈیا کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد پاکستانی شائقین نے اپنی کرکٹ ٹیم، کپتان اور کھلاڑیوں کی سوشل میڈیا پر خوب خبر لی۔
شائقین کی تنقید اس قدر شدید تھی کہ شعیب ملک، محمد عامر اور دیگر کرکٹرز کو معذرت خواہانہ رویہ اپنانا پڑا اور سوشل میڈیا صارفین سے درخواست کرنا پڑی کہ خدارا ہاتھ ہولا رکھیں۔
قومی کرکٹرز کی اس تنقید کے بعد اب سوشل میڈیا پر westandwithteampakistan# کا ٹرینڈ چل رہا ہے۔
اس ٹرینڈ میں جہاں ایک طرف لوگ ہار کے باوجود قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے نظر آ رہے ہیں وہیں دوسری جانب ایسے لوگوں کی بھی کمی نہیں جو انڈیا سے ہارنے کا غم بھولنے کو تیار نہیں۔
سوشل میڈیا پر جہاں کپتان سرفراز اور دیگر کھلاڑیوں کی دلچسپ میمز وائرل ہوئی ہیں، وہیں 2017 کی چیمپئنز ٹرافی جیتنے کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کی جا رہی ہیں۔
اعجاز نامی ٹوئٹر صارف نے محمد عامر اور دیگر کھلاڑیوں کی تصویر کے ساتھ ٹویٹ کیا ’ ہیلو دنیا، ہم 1992 کی طرح واپس آ رہے ہیں، تیار رہو۔‘

صفیہ دیا نے ٹویٹ کیا ’میں مزید سپورٹ نہیں کر سکتی، میں ایسی غیر سنجیدہ ٹیم کو سپورٹ کرتے کرتے تھک چکی ہوں، جو اپنے کھیل سے مخلص نہیں، جان چھوڑو اب۔‘

سیدہ عیلیہ نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ’ میں پاکستانی ٹیم کے ساتھ ہوں لیکن براہ مہربانی شعیب ملک کو باہر کریں۔‘

ظہیر نامی ٹوئٹر صارف نے پاکستانی ٹیم کی تصویر کے ساتھ ٹویٹ کیا ’ اگر ہمارے کھلاڑی آپس میں لڑتے رہیں گے تو ہم کسی ٹیم کو نہیں ہرا سکتے، لہٰذا متحد ہو کر کھیلیں۔‘

جمشید خان نامی ٹوئٹر صارف نے کپتان سرفراز کی جمائیاں لینے والی مشہور زمانہ تصویر شیئر کی جس میں اب ایک مرد اور ایک خاتون ڈاکٹرز کا اضافہ کر دیا گیا ہے جو سرفراز کے کھلے منہ کا معائنہ کر رہے ہیں۔

ٹوئٹر صارف محمد عظیم نے لکھا ’ میچ میں جیت یا ہار سے کوئی فرق نہیں پڑتا، یہ کھیل کا حصہ ہے۔‘

سید اسد عباس نے ٹویٹ کیا ’ ہاں میں ٹیم کے ساتھ ہوں لیکن ان کھلاڑیوں کے ساتھ نہیں جو ساری رات کلبوں میں گزارتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرفراز احمد کے خلاف گروپنگ کرنے والے چار پانچ کھلاڑیوں پر پابندی لگائی جائے‘

 

شیئر: