Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈر 19 کرکٹ: پاکستان کی جنوبی افریقہ کو17رنز سے شکست

ورلڈ کپ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ سے ایک دن قبل پاکستان انڈر۔19 ٹیم نے جنوبی افریقہ کوسیریز کے افتتاحی میچ میں شکست دیدی۔

جنوبی افریقہ کے خلاف 7ون ڈے کی سیریز میں پاکستان کی انڈر۔19کرکٹ ٹیم نے ابتدائی میچ میں 17رنز سے فتح حاصل کر لی۔
 پاکستان کے 226/9رنز کے جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 9وکٹوں کے نقصان پر مقررہ اوورز میں 209رنز بنا سکی۔
 پاکستان کرکٹ بورڈ کی ویب سائٹ کے مطابق دونوںٹیموں کے کپتانوں نے سیریز کے آغاز سے قبل ڈربن میں ٹرافی کی رونمائی کی۔ ڈربن میں کھیلے گئے مقررہ 50اوورز کے پہلے میچ میں پاکستانی کپتان روحیل نذیر نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔اوپنر حیدر علی نے نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 8چوکوں کی مدد سے 60رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔محمد باسط علی نے 28رنز بناکر ان کا ساتھ دیا۔ابتدائی بلے بازوں نے سنچری پارٹنرشپ قائم کی۔کپتان روحیل نذیر بدقسمتی سے 2رنز پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوگئے۔ مڈل آرڈر بلے باز عباس آفریدی نے2چھکوں اور 5چوکوں لگاتے ہوئے 53رنزبنائے۔عباس آفریدی کو شاندار بلے بازی پر مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔قاسم اکرم 17اور نسیم شاہ نے 23رنز بنا سکے۔مقررہ 50اوورز میں پاکستان ٹیم نے 9وکٹوں کے نقصان پر 226رنز بنائے۔جنوبی افریقہ کے بولر لیفا نتنزی اور بریس پرسنز نے 2،2وکٹیں حاصل کیں۔


ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ 33رنز پر گری جب اینڈریو لو16رنز بنا کراختر شاہ کی گیند پر آوٹ ہوگئے۔جوناتھن برڈ نے 40اور لیوک بیوفورٹ نے 46رنز بنائے۔جنوبی افریقہ کے آل راونڈر اور کپتان 18سالہ بریس پرسنز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی اور 57رنز کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی جبکہ دیگر بیٹسمین ان کا ساتھ نہ دے سکے ۔جنوبی افریقہ کے 6بلے باز ڈبل فگر میں نہ پہنچ سکے اور یکے بعد دیگرے آوٹ ہوتے رہے۔ مقررہ 50اوورز میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 9وکٹوں کے نقصان پر 209رنز بنا سکی۔ پاکستان نے 7ون ڈے کی سیریز کا ابتدائی میچ 17رنز سے جیت لیا۔سیریز کا 4میچ پیٹرمرٹیزبرگز میں کھیلے جائیںگے جبکہ دوسرا میچ 25جون کو ہوگا۔آخری دو میچ دوبارہ ڈربن میں منعقد ہوں گے۔
میچ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان روحیل نذیر کا کہنا تھا کہ ون ڈے میچوں کی سیریز دونوں ٹیموں کیلئے انتہائی اہم ہو گی۔
 انڈر۔19 کرکٹ ورلڈ کپ 2020جنوبی افریقہ میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان انڈر۔19کرکٹ ٹیم نے گزشتہ دنوں سری لنکا کے شہر ہیمبنوٹا میں 5میچوں کی سیریز میں 3-2سے کامیابی حاصل کی تھی۔

شیئر: