Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آن لائن سیکورٹی سے امریکی سائبر حملے غیر مؤثر کیے، ایران

ایران کے وزیر نے ان حملوں کو سائبر دہشت گردی کہا ہے۔ تصویر: اے ایف پی/فائل
تہران نے پیر کو کہا ہے کہ ایران پر دشمن کا کوئی بھی سائبر حملہ کامیاب نہیں ہوا۔
خبر رساں ادارے ’روئٹرز‘ کے مطابق ایران کے وزیر اطلاعات و مواصلات جواد آزاری جاہ رومی نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ’انہوں نے سخت کوشش کی لیکن ایک بھی کامیاب حملہ نہیں ہوا۔‘
انہوں نے کہا میڈیا نے پوچھا کہ ایران کے خلاف سائبر حملوں میں کتنی صداقت ہے۔ جس پر جواد آزاری جاہ رومی نے اپنے ٹویٹ میں بتایا، ’گذشتہ برس ہم نے قومی فائر وال سے 33 ملین حملے غیر مؤثر کیے۔‘
جواد آزاری جاہ رومی نے ان حملوں کو سائبر دہشت گردی کہا ہے۔
یہ موقف ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب گذشتہ روز امریکی اخباروں نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکہ کے سائبر کمانڈ کی جانب سے ایران کے میزائل کنٹرول سسٹم اور جاسوسی نیٹ ورک پر سائبر حملے کیے گئے ہیں۔
امریکی اخبار’واشنگٹن پوسٹ‘ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈرون گرائے جانے کے بعد ایران کے خلاف جوابی فوجی کارروائی کا حکم تو واپس لے لیا تھا تاہم امریکی سائبر کمانڈ کو خفیہ طور پر ایران میں سائبر حملوں کا اختیار دیا۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی سائبر کمانڈ کے اہلکار ان حملوں کی تیاری میں اگر مہینوں سے نہیں تو کئی ہفتوں سے ضرور مصروف تھے۔ تصویر: روئٹرز

امریکی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ امریکی سائبر کمانڈ نے یہ آن لائن حملے ایرانی انٹیلی جنس گروپ کے خلاف کیے جس کے بارے میں امریکی حکام یہ کہہ رہے تھے کہ اس نے حالیہ ہفتوں میں خیلج میں تیل کے ٹینکروں پر حملے کیے تھے۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی سائبر کمانڈ کے اہلکار ان حملوں کی تیاری میں اگر مہینوں سے نہیں تو کئی ہفتوں سے ضرور مصروف تھے۔
اخبار کے مطابق ان کو اس معاملے سے متعلق معلومات رکھنے والے دو افراد نے بتایا کہ خلیج عمان میں تیل کے دو ٹینکروں پر حملوں کے بعد یہ سائبر حملے امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان کی تجویر پر کیے گئے۔
دوسری جانب نیو یارک ٹائمز نے کہا ہے امریکہ نے وہی حربہ استعمال کیا جو پہلے ایران کرتا رہا ہے۔
وائٹ ہاﺅس اور سائبر کمانڈ نے ان رپورٹوں پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا تاہم وزارت دفاع کی ترجمان ایلیسا اسمتھ نے اعتراف کیا ہے کہ ’سائبر حملے ہماری پالیسی کا حصہ ہیں۔ یہ سکیورٹی آپریشن کا لازمی حصہ ہیں۔ خفیہ اداروں کی سرگرمیوں اور سائبر سکیموں کے بارے میں کوئی گفتگو نہیں کرتا۔‘
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق حالیہ برسوں کے دوران سائبر سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ایرانی ہیکرز نے خلیج میں موجود امریکی بحری بیڑے کے جہازوں پر نصب کمپیوٹر سسٹم کو ہیک کرنے کی کوشش بھی کی۔
امریکی چینل اے بی سی کے مطابق ایرانی ہیکرز نے امریکہ کے بنیادی ڈھانچے اور امریکی حکام کے خلاف سائبر حملوں میں اضافہ کر دیا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ پیر کو ایران پر مزید بڑی پابندیاں لگائی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران جوہری پروگرام نہیں چلا سکتا۔
ٹرمپ نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’میں اس دن کے انتظار میں ہوں جب ایران سے پابندیاں اٹھا لی جائیں گی اور وہ ایک بہتر اور خوشحال ملک بن جائے گا۔ یہ جتنا جلدی ہو اتنا ہی بہتر ہے۔‘
عرب نیوز کے مطابق امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی کا امکان تاحال موجود ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ’ایران ہوشیار ہے اور اسے اپنے لوگوں کی پرواہ ہے۔‘
صدر ٹرمپ نے کہا ایران امیر ملک بن سکتا ہے اگر وہ اپنا نیوکلیئر پروگرام چھوڑ دے۔ انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ ایران کے ساتھ ایک نیا آغاز چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ امریکی چینل این بی سی کے چک ٹوڈ کے ساتھ ’میٹ دی پریس‘ پروگرام میں صدر ٹرمپ نے گذشتہ روز کہا تھا کہ امریکہ ایران کے ساتھ جنگ نہیں چاہتا لیکن اگر جنگ ہوئی تو ایران کا نام و نشان مٹ جائے گا لیکن وہ ایسا نہیں کرنا چاہتے ہیں۔

شیئر: