Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اب وکٹیں خود نوبال چیک کریں گی

اوہو، کاش امپائر نوبال کو دیکھ لیتا تو پاکستان یہ میچ جیت جاتا۔۔۔ کرکٹ کا بڑا ٹورنامنٹ ہو تو ایسی خواہشات یا امپائر سے انجانے میں ہونے والی غلطیاں اکثر موضوع بحث ہوتی ہیں۔
لیکن دن بہ دن بدلتی کرکٹ کے ساتھ آنے والے دنوں میں ایسی ٹیکنالوجی بھی سامنے آ جائے گی کہ غلطیوں کا امکان نہ ہونے کے برابر رہ جائے۔
اس سمت میں پاکستان کے تین نوجوان انجینئرز نے سمارٹ سٹمپس اور سمارٹ واچ تیار کی ہے جس کا مقصد امپائر کی غلطیوں کو کم سے کم کرنا ہے۔ اس ایپ کو اگر عالمی سطح کے مقابلوں میں اپنایا جاتا ہے تو عین ممکن ہے کہ نو بال کا تنازعہ ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے۔
نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) سے حال ہی میں فارغ التحصیل تین الیکٹریکل انجینئرز زین العابدین، محمد فیصل اور محمد ہارون کی ایجاد کردہ سمارٹ سٹمپس بولرکے نو بال پھینکتے ہی امپائر کو فوری طور پر الرٹ کر دے گی۔
کرکٹ میں نوبال کو جانچنا ایک بڑا مسئلہ ہے اکثر اوقات امپائرز اس میں غلطی کر جاتے ہیں۔

سمارٹ سٹمپس بولرکے نو بال پھینکتے ہی امپائر کو فوری طور پر الرٹ کر دے گی۔ فوٹو اردونیوز 

ڈی آر ایس یا ریویو سسٹم آنے کے باوجود آج بھی امپائر کی جانب سے ایسی غلطیاں کی جاتی ہیں جن کا میچ کے نتائج پر اثر پڑتا ہے۔
آئی سی سی قوانین کے تحت صرف وہی نوبال ری ویو میں جاتی ہے جس گیند پربولر نے وکٹ لی ہو جبکہ دیگر ایسی گیندوں کو جن پر نو بال ہو سکتی ہے، کو دوبارہ نہیں دیکھا جا سکتا۔
لیکن نسٹ یونیورسٹی کے ان نوجوان انجینئرز کی طرف سے بنایا گیا ایرک نامی یہ سٹارٹ اپ ایسی سمارٹ سٹمپس کے ذریعے کام کرے گا جو بولر کے پاؤں کی حرکت کو ٹریک کرتے ہوئے نو بال کی صورت میں فوری طور پرامپائر کو متنبہ کر دے گی۔
اس سٹارٹ اپ کی سمارٹ سٹمپس میں تھری ڈی کیمرہ اور ایل ای ڈی لائیٹس نصب ہیں جو بولر کا اگلا قدم کریز سے باہر جانے کی صورت میں فوراً چمکنے لگتی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی امپائر کو ایک سمارٹ واچ پر نو بال کا نوٹیفکیشن بھی مل جاتا ہے۔ 

سمارٹ واچ ایپ بولر کے پاؤں کی حرکت کو ٹریک کرتے ہوئے نو بال کی صورت میں فوری طور پرامپائر کو متنبہ کر دے گی۔ فوٹو اردونیوز

سمارٹ سٹمپس کمپیوٹر کی آرٹیفیشل انٹیلیجنس کو بروئے کار لاتے ہوئے تیار کی گئی ہیں اور یہ نو بال کی بروقت اور درست اطلاع فراہم کرتی ہیں۔
سمارٹ سٹمپس کے موجدین کو اس کا خیال اس وقت آیا جب وہ دوستوں کے ساتھ خود کرکٹ میچ کھیل رہے تھے۔
اس میچ کے دوران ان کی مخالف ٹیم کے ایک بولر نے کئی نو بال کرائے اور ان پر وکٹیں بھی اڑائیں۔
اس واقعے سے میچ کا مزا تو کرکرا ہوا لیکن اس سے انہیں اس سٹارٹ اپ کی تیاری کا آئیڈیا ملا اور پھر انہوں نے تین سال کی مسلسل محنت سے اس کو مکمل کرلیا۔

چمکتی ہوئی لائٹس سے میدان میں موجود کھلاڑیوں کو معلوم ہوجاتا ہے کہ بالر نے نو بال کروائی ہے۔ فوٹو اردونیوز

اپنی ایجاد کے بارے میں زین العابدین  نے ’اردو نیوز‘ کو بتایا ’سٹمپس کے اندر ایسے کیمرے نصب ہیں جو آرٹی فیشل انٹیلیجنس کی مدد سے بولر کی فرنٹ فٹ موومنٹ کو ٹریک کرتے ہیں اور فیڈ بیک دیتے ہیں کہ کیا گیند نو بال تو نہیں تھی۔‘ 
چمکتی لائٹس صرف گیند کا سامنا کرنے والے بیٹسمین ہی نہیں بلکہ میدان میں موجود دیگر کھلاڑیوں کو بھی اشارہ دے دیتی ہیں کہ بولر نے نو بال کروائی ہے۔
محمد فیصل کے بقول ’سمارٹ سٹمپس کے ذریعے صرف امپائر ہی نہیں بلکہ بیٹسمین کو بھی نو بال کا اسی وقت پتا چل جاتا ہے اور وہ اسی گیند پر کوئی اچھا شاٹ کھیل سکتا ہے۔‘
سمارٹ سٹمپس اس وقت آزمائشی بنیادوں پراسلام آباد اور لاہور کے مختلف کرکٹ کلبز میں عملی طور پراستعمال ہو رہی ہیں۔

ایپ کے ذریعے صرف امپائر ہی نہیں بلکہ بیٹسمین کو بھی نو بال کا اسی وقت پتا چل جاتا ہے اور وہ اسی گیند پر کوئی اچھا شاٹ کھیل سکتا ہے۔ فوٹو اردونیوز

سمارٹ سٹمپس کے موجد ان مقامی میچز میں اس ایپ کی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور امید کر رہے ہیں کہ اس کو اگلے سال پاکستان سپر لیگ میں استعمال کیا جا سکے گا جس کے لئے ان کی پاکستان کرکٹ بورڈ سے بات چیت چل رہی ہے۔
فی الحال سمارٹ سٹمپس صرف نو بال کو جانچنے میں مدد فراہم کریں گی لیکن ’نو ایرک‘ کی ٹیم ان سٹمپس کو اگلے مرحلے میں رن آؤٹ اور سٹمپ آؤٹ کو پکڑنے کے قابل بنانے پر بھی غور کررہی ہے۔
محمد فیصل کے مطابق سابق پاکستانی سپن بولر ثقلین مشتاق اس ٹیکنالوجی کو اپنے انگلینڈ کے کلب میں استعمال کرنے کے خواہاں ہیں جبکہ اسلام آبد یونائٹڈ کے کوچ ڈین جونز نے بھی ان سے اس سلسلے میں رابطہ کیا ہے۔ ’ہم مایہ ناز پاکستانی کرکٹر وسیم اکرم سے بھی اپنی ایجاد کے بارے میں گفتگو کر رہے ہیں۔‘
نوٹ: ’اردو نیوز‘ نے نوجوان سائنسدانوں، موجدیں اور انجینئرز کے کہانیوں پر مشتمل ایک سیریز شروع کی ہے۔ اس سیریز میں اس جیسی کئی اور رپورٹس شامل کی جائیں گی۔

 

 

شیئر: