Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ کنگ کی حکمرانی کے 27 سال اور عامر خان کی ’فارسٹ گمپ‘

فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ میں عامر خان کے مدمقابل کون ہوں گی؟ فوٹو: اے ایف پی
آپ سب کو یہ تو معلوم ہی ہوگا کہ 1994 کی معروف ہالی وڈ فلم ’فارسٹ گمپ‘ کو ہندی میں ’لال سنگھ چڈھا‘ کے نام سے پیش کیا جا رہا ہے اور عامر خان نے مارچ میں اپنے یوم پیدائش پر اس کا اعلان بھی کیا تھا۔
’فارسٹ گمپ‘ میں ٹام ہینکس نے مرکزی کردار ادا کیا تھا جو ’لال سنگھ چڈھا‘ میں عامر خان ادا کر رہے ہیں لیکن اس فلم کی ’رابن رائٹ‘ کون ہوں گی اس بارے میں تجسس برقرار تھا لیکن اب یہ واضح ہو گیا ہے کہ عامر خان کے ساتھ ہیروئین کون ہوں گی۔
انڈین میڈیا کے مطابق اس کردار کے لیے عامر خان کرینہ کپور کو لینا چاہتے تھے اور کرینہ کپور نے گذشتہ دنوں اس کردار کے لیے ہامی بھی بھر لی ہے۔ اس کے لیے اداکارہ کریتی سینن اور یامی گوتم نے بھی آڈیشن دیے تھے۔
اس طرح فلم ’تھری ایڈیٹس‘ اور ’تلاش‘ کے بعد یہ عامر خان اور کرینہ کپور کی ایک ساتھ تیسری فلم ہو گی۔
عامر خان کو بالی وڈ میں ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ کے نام سے جانا جاتا ہے اور اگر انہوں نے کرینہ کپور کا نام پیش کیا ہے تو یہ بات سمجھ میں آتی ہے کہ رابن رائٹ کے کردار کے لیے کرینہ ہی سب سے زیادہ مناسب ہوں گی۔
فلم کی ہدایت ادویت چندن دے رہے ہیں جن کی شہرت عامر خان کے ساتھ ’سیکرٹ سپر سٹار‘ بنانے والے ہدایت کار کی ہے۔ اس سے قبل عامر خان نے بتایا تھا کہ وہ ’فارسٹ گمپ‘ کے حقوق حاصل کرنے کے لیے گذشتہ آٹھ برس سے کوشاں تھے۔

تعجب خیز 27 برسوں کے لیے آپ سب کا شکریہ: شاہ رخ خان

بالی وڈ کنگ کی حکمرانی کے 27 سال 

بالی وڈ کے 'بادشاہ' کہے جانے والے شاہ رخ خان نے منگل کوفلم انڈسٹری میں اپنے 27 سال مکمل کر لیے اور اس موقع پر انہوں نے اپنے مداحوں کا مخصوص انداز میں شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اس موقع پر اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے ایک ویڈیو جاری کی اور لکھا: ’تعجب خیز 27 برسوں کے لیے آپ سب کا شکریہ اور بائیک کے لیے شرد کا شکریہ۔‘
 ستائیس سال قبل اسی دن ان کی فلم ’دیوانہ‘ریلیز ہوئی تھی اور اسی کے ساتھ بالی وڈ میں انہوں نے قدم رکھے تھے۔ ان کی پہلی جھلک بائیک پر تھی اس لیے ان کی ویڈیو بھی موٹر بائیک سے شروع ہوتی ہے اور پھر وہ اپنے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہیں: ’ہندی سنیما میں 27 سال پورے کرنے پر میں آپ سب کا بہت شکریہ ادا کرتا ہوں۔ یہ میری زندگی کا بالکل نصف ہے۔ میں آپ کو اتنے برسوں تک محظوظ کرتا آیا ہوں، بعض اوقات میں کامیاب رہا اور بعض اوقات ناکام۔ اس لیے میں آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ اتنے برسوں تک آپ نے مجھے برداشت کیا اور میں اپنی فلم دیوانہ میں موٹر سائیکل پر کوئی نہ کوئی چاہیے گاتے ہوئے آیا اور آپ نے اپنے دل میں مجھے جگہ دی۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’موٹر سائیکل کمپنی میں میرے دوستوں نے مجھے دو موٹر سائیکلیں بھیجیں تاکہ میں وہ سٹنٹ کر سکوں جو میں نے 27 سال قبل دیوانہ میں کیا تھا، لیکن اس بار یہ قدرے مختلف ہے۔ اس بار میں اس بات کی یقین دہانی کراؤں گا کہ میں ہیلمٹ کے ساتھ بائیک چلاؤں گا۔ آپ ہمیشہ ہیلمٹ پہن کر ہی موٹر بائیک چلائیں۔ لو یو۔‘

Thank you for the awesome 27 years everybody and Thank you Sharad for the bikes! pic.twitter.com/UMg6k78C06

— Shah Rukh Khan (@iamsrk) June 25, 2019

اب سری لنکا محفوظ ہے 

ایک پیغام شاہ رخ نے دیا ہے تو دوسرا پیغام سلمان خان کے ساتھ فلم ’کِک‘ اور ’ریس تھری‘ میں نظر آنے والی بالی وڈ اداکارہ جیکلین فرنینڈس نے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحوں کے لیے اب سری لنکا محفوظ ہے۔ 
جیکلین نے سری لنکا میں سیاحت کے فروغ کے لیے کام کرنے والے ادارے کی منعقد کردہ ایک تقریب میں کہا کہ ایک عرصے تک سری لنکا سیاحوں کی پہلی پسند تھی جہاں انڈیا سے بھی بڑی تعداد میں سیاح آتے تھے لیکن دہشت گردی کے بعد حالات بدل گئے۔ 

سنہ 2005 میں ملکۂ کائنات کے مقابلے کے لیے منتخب ہونے کے بعد جیکلین فرنینڈس نے بالی وڈ کا رخ کیا تھا 

خیال رہے کہ اپریل میں ہونے والے متعدد بم دھماکوں نے سری لنکا کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ ان دھماکوں میں 250 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ یہ افسوس کی بات ہے کہ دھماکوں کے سبب سری لنکا میں سیاحوں کی آمد میں کمی ہوئی ہے۔ ہمارے لیے یہ انتہائی اہم ہے کہ ہم دنیا کو یہ پیغام دیں کہ سری لنکا اب مکمل طور پر محفوظ ہے۔
جیکلین نے یہ بھی کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ سکیورٹی کا نظام چاق چوبند اور چست درست ہو۔
سری لنکا کے لیے 2005 میں ملکہ کائنات کے مقابلے کے لیے منتخب ہونے کے بعد جیکلین فرنینڈس نے بالی وڈ کا رخ کیا اور انہوں نے متعدد فلموں میں بڑے اداکاروں کے ساتھ بھی کام کیا ہے۔

سلمان خان کا کہنا ہے کہ ’سلطان‘ ان کے کیریئر کی مشکل ترین فلم تھی جس میں انہوں نے ایک پہلوان کا کردار ادا کیا تھا

 سلمان خان کی مشکل ترین فلم؟

سلمان خان ان دنوں فٹنس کو لے کر اپنی طرح طرح کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر ڈال رہے ہیں۔
ان میں انتہائی مشکل اور سخت محنت والی ورزش کی ویڈیوز بھی شامل ہیں۔
لیکن حال ہی میں سلمان خان نے بتایا کہ ان کے لیے اب تک مشکل ترین فلم کون سی رہی۔ شاید آپ ان کی تازہ فلم ’بھارت‘ کے بارے میں سوچ رہے ہوں گے جس نے اب تک 200 کروڑ سے زیادہ کا بزنس کر لیا ہے اور جس میں انہوں نے مختلف عمر کے پانچ کردار ادا کیے۔

I am @beingstrongind and he is @realstrongin pic.twitter.com/CrpJXBFnAy

— Salman Khan (@BeingSalmanKhan) June 21, 2019

لیکن انڈین اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق سلمان خان نے بتایا کہ ان کی اب تک سخت ترین فلم ’سلطان‘ تھی جس میں انہوں نے ایک پہلوان کا کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا: ’جسمانی طور پر یہ فلم اب تک کی میری سب سے چیلنجنگ فلم تھی۔ مجھے وزن کم کرنا تھا اور پھر وزن بڑھانا تھا اور یہ سلسلہ فلم کے ساتھ جاری رہا۔ جب میں شوٹنگ نہیں کر رہا ہوتا تو جم میں ہوتا۔ جسمانی طور پر یہ بہت ڈیمانڈنگ تھی اور اس لیے ایک اداکار کے طور پر بھی سب سے چیلنجنگ فلم تھی۔‘
خیال رہے کہ ’بھارت‘ اور ’سلطان‘ دونوں کے ہدایت کار علی عباس ظفر ہیں۔

 

شیئر: