Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا بمقابلہ انگلینڈ: پاکستانی شائقین کس کا ساتھ دیں گے؟

کرکٹ ورلڈ کپ 2019 دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ہرانے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان کے سات پوائنٹس ہو گئے ہیں۔
اگر اب پاکستان اپنے اگلے دو میچز جیت جاتا ہے اور انگلینڈ اپنے دو میچز میں سے کوئی ایک میچ ہار جاتا ہے تو سیمی فائنل میں پاکستان کی رسائی یقینی ہو جائے گی۔
صورت حال کچھ یوں ہے کہ انگلینڈ کا اگلا میچ 30 جون کو انڈیا کے ساتھ ہونے جا رہا ہے۔ اس تناظر میں اب یہ سوال جنم لے رہا ہے کہ آیا پاکستانی کرکٹ شائقین اس میچ میں انگلینڈ کو سپورٹ کریں گے یا اپنے روایتی حریف انڈیا کو؟
یہی سوال انگلینڈ کے سابق کرکٹر اور مشہور کمنٹیٹر ناصر حسین نے اُٹھایا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر پاکستانی شائقین کرکٹ سے پوچھا کہ ’اتوار کو انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان میچ میں آپ کس کو سپورٹ کر رہے ہیں؟‘
پاکستانی شائقین کرکٹ سمیت کئی سابق ٹیسٹ کرکٹرز نے بھی ناصر حسین کے سوال کا دلچسپ جواب دیا ہے۔
احمد سلیم نامی ایک ٹوئٹر صارف نے جواب دیا کہ ’جی ہاں، ہم انڈیا کو سپورٹ کریں گے کیونکہ ہم اپنے ہمسائے سے پیار کرتے ہیں۔‘

ایک صارف رانا شازب نے ناصر حسین کو جواب دیا کہ ’دو وجوہات کی بنا پر ہم یقیناً انڈیا کو سپورٹ کر رہے ہیں، پہلا یہ کہ وہ ہمسائے ہیں اور دوسرا یہ کہ وہ کرکٹ کے بارے میں پرجوش ہیں۔‘
شازب کے جواب میں گوسٹ نامی صارف نے لکھا کہ ’اس میں تیسری وجہ یہ بھی ہے کہ انڈیا میں بھی پنجاب ہے۔‘

ایک اور صارف ذکی زیدی نے لاہور سے تعلق رکھنے والے وراٹ کوہلی کے مداح کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے ناصر حسین سے کہا کہ کیا یہ بھی کوئی سوال ہے۔ ذکی نے چھپے لفظوں میں واضح کر دیا کہ وہ بھی انگلینڈ کے خلاف انڈیا ہی کی حمایت کریں گے۔
سب سے دلچسپ جواب ڈاکٹر عالیہ کریم نامی ٹوئٹر صارف نے دیا۔ انہوں ہندوستان میں انگریزوں کی حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’میں ایسٹ انڈیا کمپنی کے خلاف اپنے ہمسائے انڈیا کو سپورٹ کروں گی۔‘

منی پی ٹی آئی نامی صارف نے بھی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’1857 کی جنگ آزادی بھی ہم نے انگریزوں کے خلاف مل کر لڑی تھی۔‘
ایک پاکستانی کرکٹ شائق عیسٰی اکرم نے انڈیا سے پیار کا اظہار کچھ اس طرح سے کیا۔ ’اتوار کو میں نہ صرف انڈیا کو سپورٹ کروں گا بلکہ انڈین ٹیم کی جرسی بھی خریدوں گا اور سارا دن بالی وڈ کے گانے سنوں گا۔‘
ناصر حسین کے جواب میں انگلینڈ کے سابق ٹیسٹ کرکٹ کیون پیٹرسن نے پوچھا کہ ’ناصر آپ کس کو سپورٹ کریں گے؟ ناصر نے جواب دیا کہ میں انگلینڈ کو سپورٹ کروں گا، ایسے ہی جیسے جنوبی افریقہ کے خلاف رگبی کے میچ میں آپ انگلینڈ کو سپورٹ کرتے ہیں۔‘
خیال رہے کہ ناصر حسین آبائی طور پر انڈین جبکہ پیٹرسن جنوبی افریقی نژاد کھلاڑی ہیں جو انگلینڈ کی طرف سے کھلیتے رہے ہیں۔

شیئر: