Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’خواتین کے مسائل پر بولی تو کسی نے سنجیدگی سے نہیں لیا‘

خواتین سے متعلق رجعت پسندانہ رویہ بدلنا چاہیے،ملیکا شراوت، فوٹو: اے ایف پی
بالی وڈ کی بولڈ اداکارہ ملیکا شراوت بھی انڈسٹری میں خواتین سے صنفی امتیاز اور فیورٹ ازم کے خلاف بول پڑیں۔ ملیکا شراوت نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بعض اداکاروں کی وجہ سے کم از کم بھی 30-20 فلمیں نہیں مل سکیں۔
انہوں نے ساتھ ہی یہ شکوہ بھی کیا کہ جب بھی انہوں نے خواتین کے مسائل کو اجاگر کیا، بالی وڈ اور میڈیا دونوں ہی جگہ انہیں لوگوں کی تنقید کا سامنا رہا۔
خبررساں ادارے پی ٹی آئی کو انٹرویو دیتے ہوئے ملیکا شراوت نے بتایا کہ 'مجھے فلم پراجیکٹس نہیں مل سکے کیونکہ ان لوگوں کا خيال تھا کہ میں خود سر ہوں۔ میں نے ہیروز کو کہتے سنا کہ اسے مت لو بہت بولتی ہے اور بہت ضدی ہے۔ انھوں نے فلموں میں میری جگہ اپنی گرل فرینڈز کو فوقیت دی۔ ‘
ملیکا شراوت کہتی ہیں کہ ’میں کم از کم بھی 30-20 فلمیں گنوا سکتی ہوں جو میں نے کھو دیں۔ لیکن اس سے مجھ میں تلخی نہیں آئی بلکہ یہ میرے ارتقا کا حصہ بنیں۔ اب جب میں پیچھے مڑ کر دیکھتی ہوں تو وہ سب لوگ مجھے بیوقوف لگتے ہیں۔'

ملیکا شراوت کو 2004 میں ریلیز ہونے والی فلم 'مرڈر' سے شہرت حاصل ہوئی

انہوں نے بتایا کہ جب میں نے خواتین کے ایشوز پر اور سماجی مسائل پر بولنا شروع کیا تو کسی نے سنجیدگی سے نہیں لیا۔
یاد رہے کہ بالی وڈ میں بولڈ اداکارہ سمجھی جانے والی ملیکا شراوت نے کچھ عرصہ پہلے خواتین کے متعلق مردوں کی مخصوص ذہنیت پر کھل کر بات کی تھی جس پر انھیں ٹرول بھی کیا گیا تھا۔
42 سالہ ملیکا شیراوت نے سنہ 2002 میں فلم خواہش سے اپنے بالی وڈ کے سفر کا آغاز کیا تھا لیکن انھیں شہرت اور مقبولیت فلم 'مرڈر' سے ملی جو سنہ 2004 میں ریلیز ہوئی تھی۔
ملیکا شیراوت نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ 'جب میں نے خواتین کے مسائل پر آواز اٹھائی تو بالی وڈ اور میڈیا میں لوگوں نے کہا کہ میں وطن پرست نہیں ہوں۔ وہ مجھے سننے کو تیار ہی نہیں تھے۔ میں ان اداکاراؤں کو جانتی ہوں جنھوں نے مجھ پر حملہ کیا۔'
انہوں نے مزید کہا: 'میں اپنے وطن سے محبت کرتی ہوں اور اسی لیے چاہتی ہوں کہ خواتین سے متعلق رجعت پسندانہ رویہ بدلنا چاہیے۔'
ملیکا شیراوت نے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ 'اب فنکار کو وہ آزادی حاصل ہے جو پہلے کبھی نہیں تھی۔ اب سنہرا دور ہے جب آپ کو اچھے اور پرلطف رول ملیں گے تاکہ آپ آزادانہ طور پر خود کو ظاہر کر سکیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ روایتی بالی وڈ خوفناک ہے۔

شیئر:

متعلقہ خبریں