Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’تمام لاپتہ افراد کو ریاست سے نہیں جوڑا جا سکتا‘

پاک فوج کے ترجمان ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ڈیفینس آف ہیومن رائٹس کی چئیرپرسن آمنہ مسعود جنجوعہ سے ملاقات میں لاپتہ افراد کی معاملے پر بات چیت کی ہے۔
جمعے کو ہونے والی اس ملاقات کے بعد جاری پریس ریلیز اور ویڈیو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ لاپتہ ہونے والے ہر فرد کا تعلق ریاست کے ساتھ  نہیں جوڑا جا سکتا۔
پریس ریلیز کے مطابق ڈی جی نے آمنہ مسعود کو لاپتہ افراد کے مسئلے کے حل کے لیے حکومت اور سیکورٹی فورسز کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالتی کمیشن مسئلے کے حل کے لیے دن رات کام کر رہا ہے۔
افواج پاکستان کے ترجمان نے انہیں مسئلے کے حل کے لیے آرمی چیف کی خصوصی ہدایات اور جی ایچ کیو میں اس مقصد کے لیے ایک خصوصی سیل کے قیام سے بھی آگاہ کیا۔

پاکستان میں لاپتہ افراد کا معاملہ انسانی حقوق کی تنظیموں کے لیے ایک چیلنج رہا ہے، (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہونے کے ناطے ہمارے دل لاپتہ افراد کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ تاہم ہمیں سمجھنا ہو گا کہ لاپتہ ہونے والے ہر فرد کا تعلق ریاست کے ساتھ  نہیں جوڑا جا سکتا۔ جو ریاست کی حراست میں ہیں وہ قانونی عمل سے گزر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ کافی ایسے لوگ ہیں جو تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ افغانستان میں ہیں یا کسی اور شورش زدہ علاقے میں ہوں گے۔
 ڈی جی کے مطابق کئی ایسے بھی لاپتہ افراد ہیں جو ٹی ٹی پی کی طرف سے ریاست پاکستان کے خلاف لڑتے ہوئے مارے گئے۔ 
اس موقع پر آمنہ مسعود جنجوعہ نے ریاست اور اداروں کی جانب سے کوششوں اور تعاون کا اعتراف کیا۔  انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ متاثرہ خاندان ریاست مخالف عناصر کو ان کے جذبات سے کھیلنے اور اسے پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے ریاست پر مسئلے کے منطقی انجام کے لیے اعتماد کا اظہار کیا۔

شیئر: