Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلینڈ کی فضاؤں میں پاکستان کے بعد اب انڈیا مخالف بینرز

انگلینڈ کے شہر لیڈز کے ہیڈنگلے سٹیڈیم میں انڈیا اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے ورلڈ کپ کے لیگ میچ کے دوران فضا میں انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے حق میں بینرز لہرائے گئے۔
میچ کے دوران ایک ہوائی جہاز دو مختلف بینرز کے ساتھ گراؤنڈ کے اوپر پرواز کرتا رہا۔ ایک بینر  پر لکھا تھا ’انڈیا سٹاپ جینو سائیڈ، فری کشمیر یعنی انڈیا کشمیریوں کا قتل عام بند کرو اور اسے آزاد کرو‘ جبکہ دوسرے پر ’جسٹس فار کشمیر‘ درج تھا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل 29 جون کو لیڈز کے اسی سٹیڈیم میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران بھی ایک چھوٹے جہاز نے دو بار سٹیڈیم کے اوپر سے پرواز کی اور پاکستان مخالف بینرز لہرائے جن پر انگریزی میں نعرے درج تھے۔

جس کے بعد اگلے روز پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کو برطانیہ کے ہیڈنگلے سٹیڈیم میں پاک افغان کرکٹ میچ کے دوران فضا میں جہاز کے ذریعے پاکستان مخالف بینرز لہرائے جانے اور تماشائیوں کے ایک مخصوص گروپ کے پاکستانی کھلاڑیوں سے ناروا سلوک اور جھگڑے پر شدید تشویش ہے۔‘
پاکستان نے یہ بھی کہا تھا کہ ’کھیلوں کے مقامات کو اس  طرح کے گھناؤنے پروپیگنڈے کے لیے استعمال کرنا قابل قبول نہیں۔ ہم امید ظاہر کرتے ہیں کہ کھیلوں اور قانون نافذ کرنے والوں اداروں کے متعلقہ حکام اس معاملے کی مکمل تفتیش کرکے ذمہ داروں کو سزا وار ٹھہرائیں گے۔‘

شیئر: