Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف کو اب جیل میں رکھنا جرم ہے، مریم

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کے مبینہ انکشافات پر مبنی ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس گواہی کے بعد نوازشریف کی بےگناہی ثابت ہو گئی ہے۔
اتوار کو رات گئے منڈی بہاالدین میں مسلم لیگ ن کے بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ جج کی گواہی کے بعد نواز شریف کو ایک منٹ بھی جیل میں رکھنا جرم ہے۔ ’مجھے پتہ ہے آج عوام کا سیلاب آیا ہے، عوام نوازشریف کی بے گناہی ثابت ہونے کا جشن منا رہے ہیں۔‘
انہوں نے سوال کیا کہ مجھے بتائیں مہنگائی بڑھی ہے یا نہیں، بجلی کے بل زیادہ ہو گئے یا نہیں، گیس مہنگی ہوئی ہے یا نہیں، آٹا، دال، چینی اور سبزی مہنگی ہوئی ہے یا نہیں ؟جس پر عوام نے ہاں میں جواب دیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج کے بعد یہ ’نالائق اعظم اپنی نا اہلی، اپنی نالائقی کو کرپشن کے پیچھے کب تک چھپے گا۔‘ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ’عمران خان استعفیٰ دو اور گھر جاﺅ۔‘
مریم نواز نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی میں لفظ سلیکٹڈ پر پابندی لگا دی گئی ہے، ’تو کیا عوام کی زبانوں پر پابندی عائد کرو گے۔‘ مریم نے عوام سے ’گو سلیکٹڈ گو‘ کے نعرے بھی لگوائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ نوازشریف آپ جیت چکے ہو، اور عوامی عدالت کے فیصلے میں آپ کو 70سالہ تاریخ کا فاتح قرار دے دیا گیا  ہے ۔ 

مریم نواز نے کہا کہ عوامی عدالت کے فیصلے نے نواز شریف کو 70 سالہ تاریخ کا فاتح قرار دے دیا ہے ۔

’شاباش منڈی بہاالدین شاباش آپ لوگ رات کو ایک بجے تک موجود ہیں۔نوازشریف کی بیٹی کو منڈی بہاالدین پر آج فخر ہو گا۔‘
مریم نوازنے آخر میں نوازشریف زندہ باد، پاکستان زندہ باد، پاکستان پائندہ باد کے نعرے لگا کر تقریر ختم کی۔ 
قبل ازیں مریم نواز نے منڈی بہاءالدین پہنچنے کے بعد ٹویٹر پر کہا کہ 'مجھے خطاب کی جگہ پہنچے ہوئے 50 منٹ ہوگئے لیکن ہجوم کی وجہ سے میں گاڑی میں موجود ہوں'۔
' ایک اور ٹوئٹ میںمریم نے کہا کہ عوامی سیلاب نواز شریف کی بریت کا جشن منانے امڈ آیا ہے۔ سالم انٹرچینج سے اترنے کے بعد گاڑی پچھلے ایک گھنٹے سے چل نہیں پا رہی۔ عوام کا ایک سیلاب ہے۔ میں خود حیران ہوں۔‘
و اضح رہے کہ انتظامیہ نے مسلم لیگ (ن) کو سنیما گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت نہیں دی تھی گراؤنڈ کے مرکزی دروازے کو سیل اور جلسے سے روکنے کے لیے پولیس کو تعینات کردیا تھا ڈی پی او منڈی بہاءالدین کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث ن لیگ کو جلسے کی اجازت نہیں دی۔
 مسلم لیگ (ن) نے دعویٰ کیا تھا کہ انتظامیہ نے گراؤنڈ میں پانی چھوڑ دیا جس کے بعد گراؤنڈ میں جلسے کا انتظام کرنا تقریباً ناممکن ہو چکا ہے۔ گراؤنڈ کے باہر سڑک پر اسٹیج سجا دیا گیا۔
مریم نواز نے جلسے کی اجازت نہ ملنے کے باوجود منڈی بہاالدین جانے کا اعلان کیا تھا۔
 

شیئر: