Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مشورہ دیں کہ میں احتساب عدالت جاؤں یا نہ جاؤں‘

ایون فیلڈ ریفرنس میں ’جعلی ٹرسٹ ڈیڈ’ کے معاملے پرعدالت نے مریم نواز کو 19 جولائی کو طلب کیا ہے۔ فائل فوٹو روئٹرز
سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے احتساب عدالت میں طلبی کے معاملے پر عوام سے مشورہ مانگ لیا۔
 ٹوئٹر پر مریم نواز نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ سے مشورہ چاہتی ہوں کہ مجھے ایک ثابت شدہ انتقام کے سامنے پیش ہونے کا بائیکاٹ کرنا چاہیے یا پیش ہو کر نیب عدالت میں کھڑے ہو کر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کر دینا چاہئے؟ بلانا ہے تو اپنے رسک پر بلانا! میری باتیں نہ سن سکو گے نہ سہ سکو گے! یہ نہ ہو کہ پھر سر پیٹتے رہ جاؤ۔‘
مریم نواز کا کہنا تھا کہ میری پریس کانفرنس میں تمام سازشیں بے نقاب ہونے کے بعد گھبراہٹ میں حکومت نے میرے خلاف ایک اور مقدمہ قائم کردیا۔ میں عوام سے پوچھتی ہوں کہ میرے سوالات کے جواب ملنے کی بجائے کیا مجھے اس نیب میں پیش ہونا چاہیئے جو آڈیو،ویڈیو کے ذریعے یرغمال ہو؟
 واضح رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں ’جعلی ٹرسٹ ڈیڈ’ کے معاملے پراحتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے مریم نواز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں 19 جولائی کو عدالت میں طلب کیا ہے۔

مریم نواز کو سزا ہو سکتی ہے؟

نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے منگل کو احتساب عدالت میں درخواست جمع کرائی جس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ پیش کرنے پر مریم نواز کے خلاف کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔
نیب نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ’بدنیتی سے من گھڑت اور جھوٹا ثبوت جمع کیا گیا جس کا مقصد عدالت کو گمراہ کرنا اور انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا تھا۔ انہوں نے استدعا کی کہ چونکہ مریم نواز نے عدالت کو گمراہ کیا، اس لیے ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
نیب کے مطابق جعلی ٹرسٹ ڈیڈ پیش کرنے پرمریم نواز نیب آرڈیننس کی سیکشن تھری اے کی مجرم ہیں جس کے تحت انہیں 5 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
احتساب عدالت نے گزشتہ سال 6 جولائی کو سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کو ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس میں بالترتیب 10 سال اور 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

نیب کا نوٹس غیر قانونی ہے، مریم اورنگزیب

 پاکستان مسلم لیگ ن کے ترجمان مریم اورنگزیب نے ٹوئٹر پر  اپنے ردعمل میں کہا کہ نیب نے مریم نواز کو آج نوٹس بھیج کر جج ارشد ملک کی ویڈیو اور جج پر عمران خان کے دباؤ کی تصدیق کر دی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ نیب عمران خان کو ہیلی کاپٹر کیس میں نوٹس کیوں نہیں بھیجتا؟

 احتساب عدالت میں جرح کے دوران کلیبری فونٹ ماہر تسلیم کرچکے ہے کہ اس وقت یہ فونٹ دستیاب تھا اور وہ خود بھی استعمال کرتے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ اسلاآباد ہائی کورٹ کے سزا معطلی کے فیصلہ کی موجودگی میں نیب کا نوٹس غیر قانونی ہے۔ نیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی توہین کی ہے۔

شیئر: