Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وادی نیلم میں بارش اور سیلاب، 22 افراد تاحال لاپتہ

متاثرین کی مدد کے لیے مقامی آبادی ریسکیو ٹیموں کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی وادی نیلم میں طوفانی بارشوں اور سیلاب میں لاپتہ ہونے والے 22 افراد کو تلاش نہ کیا جا سکا۔ حکام کے مطابق تلاش کا کام جاری ہے۔
کشمیر کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے وزیر احمد رضا قادری نے عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وادی نیلم کے لیسوا گاؤں میں طوفانی بارشوں کے سبب ڈیڑھ سو سے زائد گھر، دکانیں اور مساجد متاثر ہوئی ہیں۔
ان کے مطابق ’22 افراد ملبے کے نیچھے دبے ہوئے ہیں، تاہم ہمیں ابھی تک کوئی لاش نہیں ملی۔‘
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی حکومت کے میڈیا ونگ کے مطابق لاپتہ افراد میں فرنٹیئر ورکس کے دو اہلکار، نو مقامی رہائشی جبکہ 11 تبلیغی شامل ہے۔

سیلاب سے متعدد گھرانے متاثر ہوئے (فوٹو:اے ایف پی)

ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے وزیر احمد رضا قادری نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور مقامی پولیس لاپتہ افراد کو تلاش کر رہی ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ متاثرین کی مدد کے لیے مقامی آبادی ریسکیو ٹیموں کے ساتھ کام کر رہی ہے۔
وادی نیلم سیر و سیاحت کے لیے مشہور جگہ ہے جو پاکستان اور انڈیا کے درمیان لائن آف کنٹرول کے قریب واقع ہے۔

شیئر: