Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نہاتے وقت پڑوسن کی ویڈیو بنانے پر 40 سالہ شخص کو مقدمے کا سامنا

خاتون نے واقعے کی اطلاع پولیس کو دی جس نے پڑوسی کو گرفتار کرلیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں پڑوسن کی نہاتے ہوئے وڈیو بنانے پر 40 سالہ شخص کو فوجداری عدالت میں پیش کردیا گیا۔
اس نے دبئی پبلک پراسیکیوٹر کے سامنے  عائد کئے جانے والے الزام کا اقرار کیا ہے۔
مقامی اخبار الامارات الیوم کے مطابق ایک خاتون نے دعویٰ کیا کہ نہاتے وقت کسی شخص نے اس کی وڈیو بنائی ہے۔ پولیس کے سامنے بیان دیتے ہوئے اس نے کہا کہ باتھ روم کی کھڑکی سے اسے موبائل تھامے ایک ہاتھ نظر آیا تھا۔ پہلے پہلے تو اس نے اسے آنکھ کا دھوکا سمجھا  مگرکچھ دیر بعد پھر اسی کھڑکی سے دوبارہ وہی ہاتھ موبائل تھامے نظر آیا۔
خاتون کا کہنا ہے کہ حقیقت حال معلوم ہونے پر وہ چیخ پڑی اور بھاگتے ہوئے باتھ روم سے باہر آگئی۔ اس نے گھر میں موجود اپنے بھائی کو واقعہ کی اطلاع دی۔
خاتون کے مطابق دونوں اپارٹمنٹ کے باہر دوڑتے ہوئے گئے مگر وہاں کوئی بھی نظر نہیں آیا۔ فوری طور پر وہ  بالائی منزل سے اتر کر نیچے چوکیدار کے پاس پہنچے اور اس سے معلوم کیا کہ بلڈنگ سے کوئی اجنبی شخص بھاگتے ہوئے نظر تو نہیں آیا؟ 
خاتون کے بیان کے مطابق چوکیدار نے نفی  میں جواب دیا تووہ دوبارہ اپنے فلور پر واپس آگئے۔ اسی اثنا میں ان کا پڑوسی اپنے گھر سے باہر نکلا۔ اس سے جب پوچھا گیا کہ کہیں اسے کوئی شخص مشکوک حالت میں نظر تو نہیں آیا؟ تو اس نے بتایا کہ کچھ دیر قبل ایک ایشیائی لڑکا اپارٹمنٹس کے دروازوں پر اشتہاری  پمفلٹ ڈالتے ہوئے نظر آیا تھا۔
خاتون کا کہنا ہے کہ وہ اور اس کا بھائی دوبارہ چوکیدار کے پاس پہنچے اور اس سے سی سی ٹی وی کیمرے کی ریکارڈنگ چیک کرنے کا مطالبہ کیا۔ جب وڈیو ریکارڈنگ چیک کی گئی تو اسی اثنا میں کسی اجنبی شخص کی آمد و رفت کا ریکارڈ نہیں ملا۔ اس کا صاف مطلب یہ تھا کہ پڑوسی نے ہمیں گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ 
انہوں نے بتایا کہ وہ دوبارہ پڑوسی کے پاس گئے اور تیور چڑھا کر بات کی تو اس نے اقرار کیا کہ مجھ سے غلطی ہوگئی ہے۔ میں نے وڈیو بنائی تھی مگریقین کریں کہ موبائل سے فوری طور پر ڈیلیٹ کردی۔
خاتون نے واقعے کی اطلاع پولیس کو دی جس نے پڑوسی کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیا۔ 
 

شیئر: