Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈی آئی خان خود کش حملہ، چار اہلکاروں سمیت آٹھ ہلاک

 خیبر پختونخوا کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں دو مختلف واقعات میں چار پولیس اہلکاروں سمیت آٹھ افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 30 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
زخمی افراد میں آٹھ پولیس اہلکار شامل ہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان کے ضلعی پولیس افسر سلیم ریاض نے اردو نیوز کو بتایا کہ آج صبح ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کاٹلہ سیداں میں چار شدت پسندوں نے سکیورٹی ناکے پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار موقع پر ہلاک ہوئے۔
ان کے مطابق جب ان پولیس اہلکاروں کی لاشیں ضلعی ہسپتال کے ٹراما سینٹر کے قریب پہنچی تو وہاں پولیس اہلکاروں پر خود کش حملہ ہوا۔
ضلعی پولیس افسر سلیم ریاض نے اردو نیوز کو مزید بتایا کہ’ مبینہ خود کش حملہ آور بیس برس کی لڑکی معلوم ہو رہی تھی، جائے وقوع سے خاتون کے لمبے بال اور پیر ملے ہیں، جس کو ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے بھجوایا جائے گا۔‘
زخمیوں کو ڈیرہ اسماعیل خان کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال پہنچایا گیا ہے۔
ضلعی پولیس افسر کا کہنا تھا کہ پولیس کی زیادہ تعداد گذشتہ روز کے الیکشن میں مصروف تھی۔
صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان اور پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خود کش حملے کی مذمت کی ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امن کو خراب کرنے کی ناکام کوشش کی گئ۔ انہوں نے کہا’ ہسپتالوں کو نشانہ بنانے والے انسانیت کے بدترین دشمن ہے، حکومت دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کرے گی۔‘
 

شیئر: