Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران عالمی قانون کی کھلی خلاف ورزی کر رہا ہے ، سعودی کابینہ

عالمی جہاز رانی کے حق کو نقصان پہنچانا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے ۔
سعودی کابینہ نے واضح کیا ہے کہ عالمی جہاز رانی کے حق کو کسی بھی طرح سے نقصان پہنچانا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے ۔عالمی برادری اسے روکنے اور خلاف ورزی کرنے والے فریق کو سبق سکھانے کےلئے اقدام کرے۔ایران جو کچھ کر رہا ہے وہ بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔
سعودی کابینہ کا یہ موقف منگل کو نیوم میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت اجلاس میں سامنے آیا ہے۔سعودی کابینہ نے ایران سے متعلق خصوصی رپورٹ پر توجہ دلائی کہ ایران خلیج عرب میں برطانوی آئل ٹینکر پر قبضے سمیت جتنی سرگرمیاں کر رہا ہے وہ بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزیر اطلاعات ترکی الشبانہ نے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ نے عازمین حج کی خدمت پر مامور سرکاری اور نجی اداروں کی حج تیاریوں کا جائزہ لیا اور انتظامات سے متعلق اطمینان حاصل کیا ۔
کابینہ نے توجہ دلائی کہ سالِ رواں کے حج موسم کے حوالے سے مکہ مکرمہ ، منیٰ ، مزدلفہ اور عرفات میں 1.3ارب ریال کے منصوبوں کا افتتاح کیا گیا ہے ۔یہ افتتاح اس بات کی علامت ہے کہ سعودی حکومت حج پر آنیوالوں کو اعلیٰ اور موثر خدمات فراہم کرنے کے سلسلے میں پر عزم ہے ۔
سعودی کابینہ میں عالم عرب بین الاقوامی اور علاقائی حالات حاضرہ پر کئی رپورٹیں پیش کی گئیں۔
 فلسطینیوں کے مکانات منہدم کرنے کی مذمت
سعودی کابینہ نے مشرقی القدس کے قصبے صور باھر میں فلسطینیوں کے دسیوں مکانات منہدم کرنے پر اسرائیلی حکومت کی مذمت کی ۔ان مکانات میں سیکڑوں فلسطینی بسے ہوئے تھے اب وہ بے گھر ہو گئے ۔سعودی کابینہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کی جارحیت کو بندکرانے کےلئے مداخلت کرے۔اسرائیل فلسطینیوں کا وجود مٹانے ، انہیں بیت المقدس سے زبردستی نقل مکانی کرنے پرمجبور کرنے ، شہر کی عرب شناخت تبدیل کرنے کے درپے ہے۔اسرائیل کو ایسا کرنے سے روکاجائے۔اسرائیل جو کچھ کر رہا ہے وہ بین الاقوامی اور انسانی قوانین کے سراسر منافی ہے۔

شیئر: