Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

باکسنگ کے خطرناک کھیل نے باکسر کی جان لے لی

روسی باکسر میکسم داداشوف امریکی ریاست میری لینڈ میں فائٹ کے بعد دماغی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
فرانیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق روسی باکسنگ فیڈریشن کی جانب سے منگل کو میکسم داداشوف کی موت کا اعلان کیا گیا۔
 روسی باکسنگ فیڈریشن کے مطابق میکسم داداشوف کو پورٹوریکو کے 27 سالہ باکسر سبریئل میٹیئس کے ساتھ باؤٹ کے دوران شدید دماغی چوٹیں آئیں۔
واضح رہے کہ جمعے کے روز ہونے والی سپر لائٹ ویٹ کی یہ باؤٹ گیارہویں راؤنڈ کے بعد ہی روک دی گئی تھی۔ اس طرح میکسم داداشوف تکنیکی بنیادوں پر اپنے حریف سے شکست کھا گئے۔ 

فائٹ روک کر روسی باکسر کو ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ان کے دماغ کی ہنگامی سرجری کی گئی، فائل تصویر: اے ایف پی

فائٹ روکے جانے کے بعد ’میڈ میکس‘ کے نام سے مشہور 28 سالہ روسی باکسر ڈریسنگ روم تک جانے کے قابل بھی نہ تھے۔ انہیں فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ان کے دماغ کی ہنگامی سرجری کی گئی۔ وہ کومہ کی حالت میں منگل تک ہسپتال میں ہی زیرعلاج رہے۔
ڈاکٹروں نے میکسم کو دماغ کی سوجن کے دباؤ اور درد سے نکالنے کے لیے آپریشن کیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے اور صرف 28 برس کی عمر میں ہی دنیا سے چلے گئے۔ یاد رہے کہ  میکسم 30 ستمبر 1990 کو سینٹ پیٹرز برگ روس میں پیدا ہوئے تھے تاہم وہ امریکہ میں رہائش پذیر تھے۔
کھیلوں کی ویب سائٹ ای ایس پی این سے گفتگو کرتے ہوئے میکسم کے ٹرینر میک گرٹ کا کہنا ہے کہ جب مخالف باکسر زبردست پنچ مار رہا تھا تو وہ اپنے فائٹر (میکسم) کو بروقت فائٹ روکنے پر قائل نہ کر سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ میکسم دماغی چوٹ کی وجہ سے بہت درد محسوس کر رہے تھے۔   
واضح رہے کہ میکسم نے پیشہ وارانہ باکسنگ کا آغاز 2016 میں کیا تھا اور انہوں نے کل 14 مقابلوں میں حصہ لیا جن میں انہوں نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 13 میں کامیابی حاصل کی۔ میکسم نے جیتے گئے 13 میں سے 11 مقابلوں میں اپنے حریفوں کو ناک آؤٹ کیا جبکہ صرف ہی ایک میچ میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا جو ان کی زندگی کا بھی آخری میچ ثابت ہوا۔
بی بی سی سپورٹس کے مطابق روسی باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل نے میکسم داداشوف کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ میکسم ہمارے ملک کا مستقبل تھا، ہم یہ جاننا چاہیں گے کہ دراصل ہوا کیا۔ شاید کسی قسم کی کوئی خلاف ورزی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ روسی باکسنگ فیڈریشن میکسم کے اہل خانہ کی مالی امداد اور مکمل سپورٹ کرے گی۔

شیئر: